تیسرے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقا ویمن کرکٹ ٹیم پاکستان ویمن کے خلاف 115 رنز پر آؤٹ ہوگئی، گرین شرٹس کی اسپنر نشرہ سندھو نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 26 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پہلے جنوبی افریقا ویمن کرکٹ ٹیم نے بیٹنگ کی، مہمان بیٹرز نشرہ سندھو کی عمدہ بولنگ کے سامنے نہ ٹھہر سکیں اور ٹیم 26ویں اوور میں 115رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان لارا وولورٹ 28 رنز بناکر نمایاں رہیں۔
نشرہ سندھو نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 26 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔
اس فارمیٹ میں اُنہوں نے وکٹوں کی سنچری بھی مکمل کی، وہ پاکستان کی جانب سے تیز ترین 100 وکٹیں حاصل کرنے والی بولر بن گئیں، اُنہوں نے یہ کارنامہ 75 میچ میں انجام دیا۔
میچ میں 2 وکٹیں عروب شاہ کے حصے میں آئیں، جواب میں پاکستان ویمن نے ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر31 اوورز میں حاصل کرلیا۔
سدرہ امین 50رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں، اوپنر منیبہ علی نے 44 رنز بنائے، جنوبی افریقا نے 3 میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کی۔
میچ کے اختتام پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے جنوبی افریقی ٹیم کی کپتان کو ٹرافی دی، اُنہوں نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں سے بھی ملاقات کی، پاکستان ویمن ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے کیلئے منگل کو سری لنکا روانہ ہو رہی ہے۔