ٹی 20 ایشیا کپ 2025 کے سُپر فور مرحلے میں بھارت اور بنگلادیش کے میچ کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے امپائر احمد شاہ پکتین کی امپائرنگ پر سوال کھڑے کر دیے۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گزشتہ روز ہونے والے میچ کے مختلف ویڈیو کلپس وائرل ہو رہے ہیں، جن کی بنیاد پر احمد شاہ پکتین شدید تنقید کی زد میں آگئے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو بنگلادیشی بولر مستفیض الرحمٰن کی گیند پر فلِک کرنے کی کوشش میں ناکام رہتے ہیں، اور وکٹوں کے پیچھے بنگلادیشی وکٹ کیپر جاکر علی زبردست کیچ لے امپائر سے آؤٹ کی اپیل کرتے ہیں۔
تاہم افغانستان سے تعلق رکھنے والے امپائر احمد شاہ پکتین کو کچھ اور ہی منظور تھا، کیچ آؤٹ کے باوجود انہوں نے بھارتی کپتان کے خلاف فیصلہ نہ دیا، جب انہوں نے بنگلادیش کی زوردار اپیل پر بھی کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا تو جاکر علی کی اپیل پر معاملہ تھرڈ امپائر کے پاس چلا گیا۔
انصاف اس وقت ہوا جب ری پلے میں بھارتی کپتان کے آؤٹ ہونے کی تصدیق ہوئی اور اس طرح سوریا کمار 11 گیندوں پر 5 رنز بنا کر پویلین روانہ ہوگئے۔
بعدازاں سوشل میڈیا پر صارفین امڈ آئے اور ٹورنامنٹ کے دوران امپائرز کے ناقص فیصلوں پر سوال اُٹھا دیے۔
بعض صارفین نے تو ٹرولنگ کرتے ہوئے یہاں تک کہا کہ بھارت ٹورنامنٹ میں 15 کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اُترتا ہے جس میں 3 امپائر اور 1 ریفری بھی شامل ہوتے ہیں۔
اس سے قبل پاک بھارت میچ میں پاکستان کے اوپنر فخر زمان کے کیچ آؤٹ ہونے کے بعد تھرڈ امپائر کے فیصلے نے تنازع کھڑا کردیا تھا جو اب مزید زور پکڑنے لگا ہے۔
واضح رہے کہ دبئی میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے بنگلادیشی ٹیم کو پہلے کھیلتے ہوئے 168 کا ہدف دیا، تاہم بنگلادیشی ٹیم مقررہ ہدف تک نہ پہنچ سکی اور آخری اوور میں 127 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔