گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے معروف گلوکار حسن رحیم کا کہنا ہے کہ میری شادی سے پاکستانیوں کو گلگت کی روایات کا علم ہوا۔
حال ہی میں حسن رحیم نے ایک انٹرویو میں سوشل میڈیا پر دھوم مچانے والی اپنی شادی کی تقریبات اور آباؤ و اجداد کی روایات پر گفتگو کی۔
حسن رحیم نوجوان نسل میں بےحد مقبول گلوکار ہیں۔ ایسے ہیں کسے، جونا، خواہشات، ماند، اور پیچے ہٹ، جیسے مقبول گانے کوک اسٹوڈیو اور مس مارول سیریز میں بھی پیش کیے گئے۔ تاہم گزشتہ دنوں انہوں نے اپنی شادی کے سبب شہہ سرخیوں میں جگہ بنائی۔
اب حالیہ انٹرویو میں اس حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری شادی ایک کرش کورس تھا پورے پاکستان بلکہ دنیا کے لیے، جس سے گلگت کی روایات کا علم ہوا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ میں نے اپنی شادی پر والد اور نانا کی جیکٹ پہنی تھی، جس پر میں اپنی والدہ کا شکرگزار ہوں کیونکہ انہوں نے مجھے ایسا کرنے کے لیے کہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ میری والدہ نے مجھے ’شوقہ‘ پہنے کو کہا تھا، وہی روایتی جیکٹ جو میرے والد نے پہنی تھی اور جو انہیں میرے نانا سے ملی تھی، یہ ہمارا خاندانی لباس ہے۔ اس کے علاوہ مجھے اپنی ٹوپی پسند ہے جس کے اوپر ’پر‘ لگا ہوتا ہے اور اسے شاتی کہتے ہیں۔
حسن رحیم نے مزید کہا کہ مجھے توقع نہیں تھی کہ لوگوں کو میرا لباس، ہماری روایات اور رقص پسند آئے گا، کیونکہ عام طور پر ان کا روایتی رقص چند مخصوص لوگ مل کر کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ حسن رحیم گزشتہ ماہ اپنے آبائی علاقے میں اپنی کزن سے شادی کی۔ اپنی شادی میں انہوں نے روایتی لباس پہن کر خود روایتی رقص بھی کیا جسے کافی سراہا گیا تھا۔