• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتے ہفتے میں کرکٹ میچوں میں شکست اور کرکٹرزکی ناکامیوں کو بڑی آسانی سے ہم نے انڈیا کے سرمنڈھ دیا۔ چلیں مان لیں پاکستان کرکٹ بورڈ کر کے چیئرمین جو بھی دعویٰ کریں۔ وہ ہم پاکستانی اس کو ماننے کی 78 سال میں تربیت حاصل کرتے رہے ہیں۔ اب ذرا میں اپنے بچپن میں ریڈیو پر کرکٹ کمنٹری عمر قریشی صاحب سے سنتے ہوئے خوش ہوکے قہقہے لگارہی ہوں کہ حنیف محمد جن کو سب لوگLittle Master کہتے تھے وہ سنچری پہ سنچری بنائے جارہے ہیں۔ یہ وہ زمانے ہیں کہ میچ ہورہا ہے الہٰ آباد میں، دیکھ رہی ہوں میں لاہور میں، اماں سے لیکر سب بہن بھائی چلغوزے کھارہے ہیں اور خوش ہیں۔

اس کے بعد کرکٹرز اور بھی اچھے آتے رہے۔ ٹیمیں  دنیا بھر میں نام کماتی رہیں۔ عمران خان کے زمانے تک شرط لگانے والے ابھی فارم میں نہیں تھے۔ کھیلنے والوں کو بھی یہ لت لگی نہیں تھی۔ اس کے بعد کے زمانوں میں نوجوان بچے تک اس داؤ پیچ کے عادی ہوگئے اور کرکٹ، کھلاڑیوں کی جگہ ایجنٹوں کے ہاتھ میں چلی گئی۔ گزشتہ چند سال سے نجم سیٹھی سے ہوتی ہوئی اب سیاسی لوگوں، ان کے سفارشیوں اور ان کی فی کس دکانداری میں کرکٹ ایسی کھوئی کہ جیسے ہمارے ملک میں تھیٹر برباد ہوا، ہاکی کھیلنے والے چلے گئے، اسکواش کھیلنے والے چلے گئے۔ رہ گئے تو جولین تھرو کا ایک خود ہی تربیت یافتہ ارشد ندیم ، وہ کیا سونے کا تمغہ لے آیا۔ اس پر تھڑدلوں کی طرح ہم نے نوٹوں کی ایسے بارش کی کہ اس کا چھریرا بدن نہاری، پائے کھا کھا کے تربیت کے باوجود ، تیسرے نمبر سے آگےنہ جاسکا۔ ریسلنگ میں انوکی کو جاپان سے بلاکر پاکستانی پہلوان سے مقابلے کا وہ جادو چڑھا کہ لوگ جوق درجوق ریسلنگ دیکھنےلاہور آئے۔ لاکھوں کے مجمع میں محمد انوکی دس منٹ میں پاکستانی باکسر کو ہرا کر اکیلا کھڑا تھا اور پاکستانی باکسر کہہ رہا تھا۔’’جت تر میں ای رہیا ساں فیر اوہنےاُنگلاں میریاں اکھاں وچ واڑ دتیاںتے مینوں نظر آنا بند ہو گیا ‘‘ مطلب یہ کہ جیت تو میں ہی رہا تھا پھر اس نے میری آنکھوں میں انگلیاںمار دیں اور مجھے دکھائی دینا بند ہوگیا، وہ جیت گیا۔ تماشہ ختم، پیسہ ہضم۔

اس و قت دنیابھر میں لوڈو کھیلنے کے مقابلے اور ساتھ میں شطرنج میں 7 سات سال کے بچے، ملک کا نام روشن کررہے ہیں۔

مگر ہمارے اسکولوں میں باقاعدہ کوئی بھی کھیل کی تربیت نہ دینے والاہے اورنہ تربیت کے خواہاں نظر آتے ہیں، ویسے ہر اسکول کالج میں استاد بھی رکھا جاتا ہے۔ جبھی تو لڑکیوں کی کرکٹ ٹیم ایسی سامنے آئی کہ دنیا بھرمیں نام کمایا۔ ہمارے ملک میں کتنے ہی نوجوان کسی بیماری کے باعث کوئی گیم نہیں کھیلتے، دنیا بھر میںمعذوروں کے تربیتی اداروں کے علاوہ بین الاقوامی مقابلے ہوتےہیں مگر ہم معذوروں کو بھیک مانگنے یا کسی پیر فقیر کے ساتھ وابستہ کر کے، انکی زندگی اور قسمت دونوںخراب کردیتے ہیں۔ ساری دنیا میں نابینا اور معذور افراد کو سیاحت گائیڈ کی باقاعدہ تربیت دےکردوسرے ملکوں میں بھیجتے ہیں،ہمیں تو بھکاری بنا کر پاسپورٹ دے کر ریال کمانے کی عادت ڈال دی ہے اب ہر ملک سے سینکڑوں بھکاری، گرفتار کرکے واپس اپنے ممالک بھیجے جارہے ہیں۔ اگر کرکٹ میں کچھ بچاتھا۔ وہ بابر جیسے نوجوان دولت کما کے، گھر بٹھادیے گئے ہیں اور اب جو کھیل رہے ہیں ان کاتونام لینے کو بھی جی نہیں کرتا۔

پاکستان میں تو سیاست نواز شریف کے زمانے تک رہی۔ اس کے بعد تو مقتدرطبقے کا دخل اتنا ہوا کہ جو سلسلہ چوہدری ظہور الٰہی کے ممبر پارلیمنٹ بننے سے شروع ہوا تھا وہ ایسا پھیلا کہ اب تو اپنی مرضی کے سیاست دان، اپنی مرضی کےافسر اور اپنی مرضی کے پارلیمنٹ کے ممبران رکھنے تک چلا گیا کہ آج اپنی قوتِ بازو پر بھروسہ کرکے لوگ اپنا اسکیل مقرر کررہے ہیں۔ ایک کمیشن کے 4 افسران 40کروڑ بونس اور انکے چیف 34 کروڑ بونس لے بیٹھے ہیں پوچھو یہ حق ان کو کس نے دیا وہ فوراً جواباً کہتے ہیں،’’آپ کی اسمبلیوں کے ممبر اگر خود تنخواہ بڑھا سکتے ہیں تو ہمیں بھی حق ہے۔ اب تو دو سال پہلے کی تاریخ ڈال کہ 13 لاکھ کا میڈیکل بل وصول کررہے ہیں۔ کوئی پوچھنے والا نہیں۔

عدالتوں میں بھی من مانی ہورہی ہے کہ جس کو چاہودہشت گرد کہہ کر، اپنی مرضی سے جتنے عرصے تک چاہو بند کردو، کل تک جو لڑکی دہشت گرد کہہ کر بلوچستان میںچار ماہ سے جیل میں تھی وہ اچانک رہا ہوگئی۔ نوجوان لڑکی ایمان اگر پوچھے میرا قصور کیاہے تو اس کو گرفتار ی کی دھمکی دی جاتی ہے۔ سب نے دیکھا، سب نے سنا، اب ہم ملکی سیاست کو چھٹ بھئیوں  کے ہاتھ میں چھوڑ کر بین الاقوامی دورے کم از کم ایک ماہ میں سات دورے کر کے ملک کی معاشی گنجلک کو سلجھارہے ہیں۔ اب ایک ہفتہ ہوگیا سعودیہ اور پاکستان کے درمیان دفاعی قربت کا معاہدہ ہوا ہے۔ ہمارے عزیز ارسطو جناب شاہد حسین نے کل سارا دن بیان کیا کہ یہ معاہدہ فیلڈ مارشل اور شہزادہ سعود کی مملکت کے درمیان ہوا ہے خدا کرے یہ بندھن پاکستانیوں پر حج کے اخراجات کم کرنے کی نوید لائے۔

تازہ ترین