سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھارت کے خلاف ایشیا کپ 2025ء کے تاریخی فائنل سے قبل جارحانہ اور بےخوف رویہ اپنانے کا مشورہ دے دیا۔
نجی اسپورٹس پلیٹ فارم کو انٹرویو دیتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ کھلاڑیوں کو بھارت کے خلاف اسی جذبے کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا جس طرح انہوں نے بنگلادیش کے خلاف سیمی فائنل میں کھیل پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ اُس مائنڈ سیٹ سے نکلیں، بھارت کے دباؤ کو توڑیں اور میدان میں اتر کر ان کا سامنا کریں، ہمیں صرف 20 اوور پورے نہیں کرنے بلکہ وکٹیں لینا ہیں، جیسے ہی شروع میں ان کا بڑا کھلاڑی آؤٹ ہوگا، وہ دباؤ میں آجائیں گے۔
شعیب اختر نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کو بھارت کے نمبر ون ہونے کے تاثر میں نہیں آنا چاہیے بلکہ اپنی بہترین کارکردگی پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ یہ نہ سوچیں کہ ہم دنیا کی سب سے بہترین ٹیم ہیں، بلکہ یہ سوچیں کہ ہم بہترین کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں ہیں، اپنے کھیل پر فوکس کریں اور سمجھداری سے کرکٹ کھیلیں۔
سابق فاسٹ بولر نے ٹیم پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس بڑے اسکور کرنے اور حریف کو آؤٹ کرنے کی بھرپور صلاحیت ہے اور میں پُر امید ہوں کہ گرین شرٹس بھارت کو شکست دیں گے۔