بالی ووڈ اداکارہ فاطمہ ثناء شیخ نے ایک بڑے اسٹوڈیو کی فلم چھوڑ دی، تاہم ان کی اس منصوبے سے علیحدگی کی وجہ سامنے نہیں آئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 22 ستمبر 2025ء کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ فاطمہ ثناء شیخ کبھی بھی مدھر بھنڈارکر کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’دی وائیوز‘ کا حصہ نہیں تھیں۔
رواں سال اپریل میں یہ خبر آئی تھی کہ اداکارہ فاطمہ ثناء شیخ کو اس فلم کے لیے کاسٹ کیا گیا ہے، لیکن بالی ووڈ کے مداحوں کو اس وقت حیرت ہوئی جب مدھر بھنڈارکر نے 3 دیگر اداکاراؤں ریجینا کیسینڈرا، سونالی کلکرنی اور مونی رائے کو اس فلم میں کاسٹ کرنے کا اعلان کیا، البتہ فاطمہ کی کاسٹنگ کے حوالے سے کوئی بات سامنے نہیں آئی تھی۔
اس حوالے سے مدھر بھنڈارکر نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ مکمل ہو چکی ہے اور میں سامعین کے ردِعمل کا انتظار نہیں کر سکتا، فلم اچھی بنی ہے اور جلد ہی اس کی پوسٹ پروڈکشن شروع ہو جائے گی۔
فاطمہ ثناء شیخ کی کاسٹنگ کے بارے میں انہوں نے انکشاف کیا کہ فاطمہ ثناء شیخ کی کاسٹنگ کے بارے میں تمام خبریں غلط تھیں، انہیں اس فلم کی کاسٹ میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اب یہ تازہ خبر سامنے آئی ہے کہ فاطمہ ثناء شیخ نے حال ہی میں ایک بڑے اسٹوڈیو کی زیرِ قیادت فلم سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے، یہ فلم بھی مدھر بھنڈارکر کی ہدایت کاری میں اور زی اسٹوڈیوز کے بینر تلے بن رہی ہے، تاہم فاطمہ کی اس منصوبے سے علیحدگی کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہوئی ہے۔
اس منصوبے کا نام بھی سامنے نہیں آ سکا ہے جس کے بارے میں ذرائع نے بتایا ہے کہ فاطمہ ثناء شیخ نے اس فلم سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے، جس کی ہدایت کاری کے فرائض مدھر بھنڈارانجام دینے والے تھے۔
درحقیقت دونوں نے اس سال کے شروع میں ایک ایوارڈ شو میں ایک ساتھ شرکت کی تھی، جہاں ان کا منصوبہ تھا کہ اپنی نئی فلم کا اعلان کریں گے لیکن ایسا نہیں ہو سکا، اب یہ فلم منسوخ کر دی گئی ہے۔
اس حوالے سے جب بھارتی میڈیا ذرائع نے مذکورہ بڑے اسٹوڈیو سے رابطہ کیا تو وہاں کی انتظامیہ نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔