• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کپل شرما کو لارنس بشنوئی کے نام سے دھمکی و بھتے کا مطالبہ، ملزم گرفتار

کپل شرما—تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا
کپل شرما—تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا

بھارتی کامیڈین کپل شرما کو دھمکیاں دینے اور ای میلز کے ذریعے ایک کروڑ روپے کا مطالبہ کرنے کا ملزم گرفتار ہوگیا۔

ممبئی کرائم برانچ نے 45 سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے جس نے مبینہ طور پر بالی ووڈ اداکار اور کامیڈین کپل شرما کے پرسنل اسسٹنٹ کو گینگسٹر لارنس بشنوئی کا نام لے کر 1 کروڑ روپے بھتے کا مطالبہ کیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے ملزم دلیپ چوہدری کو مغربی بنگال سے حراست میں لیا ہے۔

ملزم نے 22 اور 23 ستمبر کے دوران کپل شرما کو فون کالز، ای میلز اور ویڈیوز کے ذریعے دھمکی آمیز مواد بھیجا تھا۔

سینئر پولیس افسر کے مطابق مغربی بنگال کے ضلع نارتھ 24 پرگنہ کے رہائشی ملزم دلیپ چوہدری نے چند روز قبل کپل شرما کے پی اے کو فون کال پر اس کی مانگی گئی رقم ادا نہ کرنے پر جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی، ملزم ایک چھوٹی فرم میں کام کرتا ہے۔

کرائم برانچ ممبئی کے مطابق ملزم نے دھمکی آمیز پیغامات میں خود کو گینگسٹر گولڈی برار اور روہت گودارا کے ناموں سے منسوب کر کے دھمکیاں دی تھیں۔

کپل شرما کے پی اے کو ملزم کی جانب سے کئی کالز موصول ہونے کے فوراً بعد کرائم برانچ نے تحقیقات شروع کر دی تھیں۔

ایک ٹیم کو مغربی بنگال بھیجا گیا، جہاں سے ملزم کو گرفتار کر کے آج صبح ممبئی لایا گیا، جس کے بعد اسے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اسے 30 ستمبر تک پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا گیا، پولیس کے مطابق ملزم سے تفتیش جاری ہے۔

ابتدائی پولیس تحقیقات کے مطابق ملزم دلیپ چوہدری کا لارنس بشنوئی گینگ سے کوئی تعلق نظر نہیں آتا، لیکن ابھی کسی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہے اور اس کے بارے میں تمام معلومات کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید