پاکستانی نژاد ماہرِ ماحولیات انعم چوہدری کو ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں ماحولیات کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے پر سرکاری اوسلو ماحولیاتی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
یہ ایوارڈ شہر کی جانب سے ماحولیات کے تحفظ اور پائیدار ترقی کےلیے سب سے بڑا اعزاز تصور کیا جاتا ہے۔
انعم چوہدری کو یہ اعزاز اس بات کے اعتراف میں دیا گیا کہ انہوں نے اوسلو میں ماحولیات کے حوالے سے سبز اور پائیدار تبدیلی کے سفر کو آگے بڑھانے میں ناصرف پیشہ ورانہ سطح پر اہم کردار ادا کیا بلکہ ذاتی طور پر بھی ماحول دوست طرزِ زندگی اور پالیسیوں کے فروغ کے لیے نمایاں وکالت کی۔
شہر کی انتظامیہ کے مطابق انعم چوہدری کی کوششوں نے اوسلو کو ماحول دوست اقدامات میں عالمی سطح پر ایک مثالی مقام دلانے میں مدد دی ہے، ان کے منصوبوں نے ناصرف مقامی سطح پر کاربن اخراج میں کمی میں کردار ادا کیا بلکہ عوام کو پائیدار مستقبل کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا۔
انعم چوہدری نے ایوارڈ وصول کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی صرف ان کی ذاتی نہیں بلکہ اس مقصد کے لیے کام کرنے والے ہر شخص کی اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم سب پر ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک صاف، سرسبز اور محفوظ دنیا چھوڑ کر جائیں۔
ماہرین کے مطابق اوسلو ماحولیاتی ایوارڈ ان افراد اور اداروں کو دیا جاتا ہے جو ماحولیات کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے خلاف عملی اقدامات کرتے ہیں اور معاشرے کو پائیدار ترقی کی طرف لے جانے میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔