پاکستان کی معروف اداکارہ مدیحہ امام نے ترکیہ میں جعلی کرنسی استعمال کرنے کا انکشاف کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ میں ترکیہ میں جعلی کرنسی استعمال کر کے پھنس گئی تھی۔
حال ہی میں خوبرو اداکارہ مدیحہ امام نے جیو نیوز کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے دلچسپ قصے سنائے۔
دورانِ انٹرویو انہوں نے انکشاف کیا کہ میں کام کے سلسلے میں پہلی بار ترکیہ گئی تھی، جہاں میں جعلی کرنسی استعمال کر کے مشکل میں پڑ گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ میں پہلی بار کام کے سلسلے میں ملک سے باہر گئی تھی، میں نے فیصلہ کرلیا تھا کہ میں صرف شوٹ کے لیے جاؤں گی اور ہوٹل واپس آؤں گی۔
انہوں نے کہا کہ میرا دماغ اتنا خراب تھا، مجھے لگتا تھا پاکستان سے باہر پوری دنیا میں حلال کھانا نہیں ملتا، ترکیہ کے لیے بھی میرے یہی خیالات تھے۔ امیّ نے مجھے اس پر ڈانٹا اور کہا کہ یہ خلل دماغ سے نکالو اور باہر گھوم پھر کر آؤ، جس پر میں شوٹ کے آخری دن گھومنے گئی اس کے باوجود میں نے ایسا ویسا کچھ نہیں کھایا صرف پھل خریدے۔
مدیحہ امام نے کہا کہ ترکیہ میں بہت خوبصورت پھلوں کی پلیٹ ملتی ہے، میں نے وہ خرید کر کھائی اور کھانے کے بعد پیسے دیئے اور واپس آنے لگی کیونکہ مجھے ایئرپورٹ جانا تھا، تو پھل فروش مجھ پر غصہ ہوگیا کیونکہ میں نے اسے جعلی کرنسی دے دی تھی۔
اداکارہ نے بتایا کہ بعدازاں مجھے پتہ چلا کہ میں نے جو کرنسی انہیں دی وہ جعلی ہیں، اور وہ کرنسی میں پاکستان سے تبدیل کروا کے لے گئی تھی، پھر ویگن میں ایک ترکش ڈرائیور تھے وہ یہ سب دیکھ رہے تھے انہوں نے میری ادائیگی کی۔