• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی ٹوئنٹی ایشیاء کپ فائنل، بھارت کا پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

ٹی 20 ایشیاء کپ 2025ء کے فائنل میں دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں تیسری بار پاکستان اور بھارت مدِمقابل ہیں، پاکستان نے 15 ویں اوور میں 4 وکٹ پر 126 رنز بنالیے ہیں۔

بھارت کے خلاف سیریز میں مسلسل دوسری نصف سنچری اسکور کرنے والے صاحبزادہ فرحان 38 گیندوں پر 57 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے اننگز کے دوران 3 چھکے اور 5 چوکے لگائے۔

صائم ایوب 11 گیندوں پر 14 رنز بناکر پویلین ہوگئے ہیں، تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر محمد حارث تھے، جو 2 گیندوں پر بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے

پاکستان کے چوتھے آؤٹ ہونے والے بیٹر فخر زمان تھے، 35 گیندوں پر 46 رنز بناکر میدان چھوڑ گئے ہیں جبکہ  کپتان سلمان علی آغا 3 رنز پر کھیل رہے ہیں۔

بھارت کے ورون چکرورتی نے 2، کلدیپ یادیو اور اکثر پٹیل نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

میچ کے ٹاس کے لیے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا اور بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو ٹاس کے لیے میدان میں اترے، سوریا کمار نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ٹاس کے بعد دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ایک بار پھر ہاتھ نہیں ملایا، تاہم پاکستانی کپتان نے پاکستانی پریزیٹر سے جبکہ سوریا کمار نے بھارتی پریزنٹر سے بات کی۔

پاکستان نے فائنل میں بھارت کے خلاف بنگلادیش کے خلاف میچ کی فاتح ٹیم کو اتارنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ بھارت نے ارشدیپ اور ہرشیت کی جگہ رنکو سنگھ اور شیوم دبوے کو کھیلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹیم پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ پچ میں کوئی خاص تبدیلی نہیں دیکھ رہا ہوں، ہم پہلے بیٹنگ کے لیے تیار ہیں، ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔

پاکستان الیون میں صاحبزادہ فرحان، فخر زمان، صائم ایوب، سلمان علی آغا، حسین طلعت، محمد نواز، فہیم اشرف، محمد حارث، شاہین آفریدی، حارث روف اور ابرار احمد شامل ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ستمبر 2022ء کے بعد سے اب تک 5 میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں سے 4 میں بھارت اور 1 میچ میں فتح پاکستانی ٹیم کا مقدر بنی ہے۔

پاکستان اور بھارت کا فائنل دیکھنے کے لیے ملک بھر میں بڑی اسکرینیں لگ چکی ہیں، شائقین کرکٹ کا جوش و خروش عروج پر ہے۔

شائقینِ کرکٹ کی بڑی تعداد کو گزشتہ 2 میچز میں شکست کے بعد اس بار قومی کرکٹ ٹیم سے روایتی حریف کے خلاف اچھی کارکردگی دکھانے کی امید ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید