• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: چکن مانگنے پر ماں کا بچوں پر بیلن سے تشدد، 7 سالہ بیٹا ہلاک، بیٹی زخمی

فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا
فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی ریاست مہاراشٹر کی ایک خاتون نے بچوں کو چکن کی فرمائش کرنے پر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا جس کے نتیجے میں اِس کا 7 سالہ بیٹا ہلاک جبکہ 10 سالہ بیٹی شدید زخمی ہو گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون نے اپنے بچوں پر صرف اس وجہ سے بیلن سے بری طرح تشدد کیا کہ اُنہوں نے سبزی کے بجائے چکن کھانے کی خواہش ظاہر کیوں کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والے 7 سالہ بچے کی شناخت چِنمَے ڈَھمڈے کے نام سے ہوئی ہے جس نے اپنی ماں سے سبزی کے بجائے مرغی کا سالن پکانے کی فرمائش کی تھی۔ 

اس فرمائش پر ماں آپے سے باہر ہو گئی اور طیش میں بیٹے پر بیلن سے حملہ کر دیا، بیٹے پر تشدد کے بعد ملزمہ نے اپنی بیٹی کو بھی بیلن سے مارا جس سے وہ بھی شدید زخمی ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اہلِ محلہ نے جب بچوں کی چیخ و پکار سنی تو فوراً پولیس کو اطلاع دی۔ 

اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے خاتون کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق 40 سالہ ملزمہ پلّوی گُھمڈے اپنے خاندان کے ساتھ ایک فلیٹ میں رہائش پذیر تھی، اس نے بیلن سے اپنے بیٹے کو بےرحمی سے مارا جس کے باعث وہ دم توڑ گیا۔ بیٹی بھی تشدد کا نشانہ بنی اور اسپتال میں زیر علاج ہے، ملزمہ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید