جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر کگیسو ربادا کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کا شمار دنیا کے مشکل ترین بیٹرز میں ہوتا ہے۔
کگیسو ربادا نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں ان سے پوچھا گیا کہ اُنہیں اپنے کیریئر میں کن بیٹرز کے خلاف کھیلتے مشکل کا سامنا ہوا۔
اُنہوں نے اس سوال کے جواب میں بتایا کہ بابر اعظم ایک چٹان ہیں اور خاص طور پر جب میچ پاکستان میں کھیلا جارہا ہو تو انہیں آؤٹ کرنا آسان نہیں ہوتا سوچنا پڑتا ہے کہ کیسے آؤٹ کیا جائے؟
کگیسو ربادا نے مزید کہا کہ انگلینڈ کے جو روٹ، آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ، نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن بھی چیلنجنگ بیٹرز ہیں۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر اپنے جارحانہ اور غیر روایتی انداز کی وجہ سے میرے لیے سب سے مشکل ترین بیٹر ہیں۔
واضح رہے کہ فاسٹ بولر کگیسو ربادا نے 71 ٹیسٹ، 106 ون ڈے اور 70 ٹی 20 میچز میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کی ہے، انہوں نے تمام فارمیٹس میں اب تک 500 سے زائد وکٹیں حاصل کی ہیں۔