خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں خوارج نے بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے عوامی رابطہ پل دھماکے سے اڑا دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بنوں کی تحصیل جانی خیل میں خوارج نے دھماکا خیز مواد سے رابطہ پل تباہ کیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ مالی خیل تحصیل جانی خیل میں خوارج نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی کوشش کی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خوارج نے رابطہ پل کے نیچے بارودی مواد لگایا، جس کے پھٹنے سے پل مکمل تباہ ہو گیا۔
دوسری جانب جانی خیل کے عوام نے خوارج کی جانب سے پل کی تباہی پر شدید ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدلانہ کارروائی قابل مذمت اور علاقے کے امن و ترقی پر کھلا حملہ ہے۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ سڑکیں، مساجد اور مدارس عوامی سہولت کے لیے بنائے گئے ہیں، خوارج افغانی ہوں یا کسی اور شناخت سے تعلق رکھتے ہوں، یہ عمل سراسر غلط ہے، پل کی تباہی کے بعد کئی بیمار اور ضعیف افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔