• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر ٹرمپ کی جنگِ غزہ کے خاتمے کیلئے کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہیں، ریاست فلسطین

فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس(فائل فوٹو)۔
فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس(فائل فوٹو)۔

ریاست فلسطین نے غزہ میں جنگ کے خاتمہ کے لیے کوششوں پر بیان میں کہا کہ ریاستِ فلسطین صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جنگِ غزہ کے خاتمے کیلئے کوششوں کا خیرمقدم کرتی ہے۔ 

اعلامیہ کے مطابق امریکا، خطے اور دیگر شراکت داروں سے مل کر جامع معاہدے کے ذریعے غزہ کی جنگ کا خاتمہ کریں گے۔ 

اعلامیہ کے مطابق معاہدہ غزہ، مغربی کنارے، فلسطینی زمینوں پر قبضے کے خاتمے اور منصفانہ امن کی راہ ہموار کرے گا، معاہدہ دو ریاستی حل پر مبنی ہوگا۔ 

ریاست فلسطین کے اعلامیہ کے مطابق آزاد اور خود مختار ریاستِ فلسطین اسرائیل کے ساتھ سلامتی اور امن کا تعلق رکھے گی، ریاستِ فلسطین نیویارک میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں اپنے عہد کی بھی تجدید کرتی ہے۔ 

اعلامیہ کے مطابق فلسطینی اصلاحاتی پروگرام کی تکمیل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جنگ کے خاتمے کے ایک سال کے اندر صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کا انعقاد شامل ہے۔ 

اعلامیہ کے مطابق تمام امیدوار انتخابات میں بین الاقوامی وعدوں اور پی ایل او کی پالیسی کی پاسداری کریں گے، ایک نظام، ایک قانون اور واحد فلسطینی سیکیورٹی فورس کے اصول کی پاسداری کریں گے۔ 

اعلامیہ کے مطابق ایک جدید، جمہوری اور غیرعسکری فلسطینی ریاست قائم کی جائے گی جو پُرامن انتقالِ اقتدار پر کاربند ہو، 2 سال کے اندر یونیسکو کے معیار کے مطابق نصاب کی تیاری کے پروگرام پر عملدرآمد معاہدے میں شامل ہے۔ 

اعلامیہ کے مطابق ریاستِ فلسطین امریکا اور تمام فریقین کے ساتھ مثبت اور تعمیری انداز میں مصروف رہے گی، معاہدے میں غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل، یرغمالیوں اور قیدیوں کی رہائی شامل ہے۔ 

اعلامیہ کے مطابق فلسطینی عوام کے تحفظ کے لیے مؤثر نظام کی تشکیل بھی معاہدے کا حصہ ہے، جنگ بندی کا احترام اور دونوں جانب سلامتی کی ضمانت معاہدے کا حصہ ہے، فلسطینیوں کی بے دخلی کا خاتمہ بھی معاہدے میں شامل ہے۔

اعلامیہ کے مطابق معاہدہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر مبنی یکطرفہ اقدامات کی روک تھام کرے گا، معاہدہ فلسطینی محصولات کی واگزاری اور مکمل اسرائیلی انخلا کو یقینی بنائے گا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید