چینی انفلوئنسر لائیو اسٹریم کے دوران طیارہ گرنے سے جان کی بازی ہار گیا۔
چائنا نیوز سروس کے مطابق 55 سالہ شخص کی شناخت تانگ فیجی کے نام سے ہوئی ہے، جو اپنا سنگل سیٹ ہیلی کاپٹر (الٹرا لائٹ کو ایکسیئل روٹر) اڑا رہا تھا جو زمین پر گر کر تباہ ہوگیا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حادثے کے بعد ہیلی کاپٹر زمین پر گرتا ہے اور اس میں آگ بھڑک اٹھتی ہے۔
تانگ فیجی کا تعلق صوبہ سیچوان کے شہر گوانگیوان سے تھا اور وہ چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارم دوئین پر اپنے فالوورز کے لیے پرواز کو لائیو دکھا رہے تھے۔
حکام کے مطابق حادثے کے مقام سے ان کی لاش مل گئی ہے، تانگ کے تقریباً ایک لاکھ فالوورز تھے، رپورٹس کے مطابق ان کا ہیلی کاپٹر صرف 115 کلوگرام وزنی تھا اور اس کی قیمت تقریباً 3 لاکھ 50 ہزار یوان (68 ہزار 400 ڈالر) تھی۔
اپنی حالیہ ویڈیوز میں تانگ نے بتایا تھا کہ ان کا ہیلی کاپٹر 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرسکتا ہے اور زیادہ سے زیادہ 600 میٹر بلندی پر پرواز کرسکتا ہے۔