• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: ملزم نے گرل فرینڈ کو ڈرم میں ڈبو کر موت کے گھاٹ اتاردیا

فائل فوٹو
فائل فوٹو 

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر دیواس میں 22 سالہ خاتون کی ہاتھ پاؤں بندھی ہوئی لاش ڈرم سے برآمد ہوئی ہے، جسے اس کے دوست نے قتل کردیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 35 سالہ ملزم مونو عرف منوج چوہان نے اپنی دوست لکشیتا چوہدری کو پیر کے روز اپنے گھر میں قتل کرکے  لاش پانی سے بھرے ڈرم میں چھپا دی تھی، بعد ازاں ملزم نے پولیس کے سامنے  پیش ہوکر خود گرفتاری دے دی۔

مقتولہ کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ وہ تین دن پہلے گھر سے کالج جانے کا کہہ کر نکلی تھی، واپس نہ آنے پر پولیس میں گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی گئی تھی۔

خاتون کی لاش کی موجودگی کا علم بدبو پھیلنے کی وجہ سے ہوا تھا، پولیس جب گھر میں پہنچی تو اسے نیلے ڈرم کے قریب بیڈ شیٹ میں لپٹی ہوئی مقتولہ کی لاش ملی جسے پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ وہ لکشیتا سے محبت کرتا تھا لیکن جب اسے معلوم ہوا کہ مقتولہ کسی اور کے ساتھ تعلقات رکھتی ہے تو اس نے غصے میں آکر قتل کر دیا۔ اس نے خاتون کو گھر بلایا، ہاتھ پاؤں باندھے اور پانی بھرے ڈرم میں ڈبو کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔

خیال رہے کہ بھارت میں رواں سال مارچ اور اگست میں بھی اسی طرح کے دو ہولناک واقعات سامنے آچکے ہیں جن میں مقتولین کی لاشیں ڈرم میں چھپائی گئی تھیں۔

میرٹھ میں ایک شخص کو اس کی بیوی اور اس کے آشنا نے قتل کر کے لاش کو ڈرم میں سیمنٹ کے نیچے دفن کر دیا تھا، جبکہ راجستھان کے الور میں بھی ایک شخص کو بیوی اور اس کے عاشق نے قتل کرکے لاش ڈرم میں چھپا دی تھی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید