بالی ووڈ میں ڈریم گرل کے نام سے اپنی پہچان بنانے والی اداکارہ و سیاستدان ہیما مالنی نے حالیہ ایونٹ میں ایک مداح کو سیلفی کے لیے نظر انداز کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مذہبی تقریب میں شریک ہیما مالنی پر اس وقت تنقید شروع ہو گئی جب ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ مداح کی تصویر کے لیے مسکرانے سے انکار کرتی نظر آئیں۔
بھارت بھر میں ہندو تہوار نوراتری کی تقریبات میں کئی بالی ووڈ شخصیات نے شرکت کی، اتر پردیش میں منعقدہ تقریب میں اداکارہ اور بی جے پی کی ایم پی ہیما مالنی بھی شریک تھیں، تاہم ان کی موجودگی نے اس وقت تنازع پیدا کر دیا جب ان کی ایک مداح کے ساتھ بات چیت کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔
وائرل ہوئے کلپ میں انہیں تصویر کے لیے مسکرانے سے انکار کرتے ہوئے دیکھا گیا، جس پر سوشل میڈیا صارفین دو گروپوں میں تقسیم ہو گئے، بہت سے صارفین انہیں ’مغرور‘ کہہ رہے ہیں جبکہ کچھ نے ان کی پرائیویسی کے حق کا دفاع کیا ہے۔
ایک خاتون مداح کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں ہیما مالنی کو تقریب میں مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
مداح نے فون کیمرا پکڑے ہوئے اداکارہ سے کیمرے میں دیکھنے اور مسکرانے کو کہا، جس پر ہیمامالنی لمحے بھر کے لیے کیمرے کی طرف دیکھتی ہیں لیکن فوراً نظریں پھیر لیتی ہیں، جس سے مداح مایوس ہو جاتی ہے۔
اس واقعے نے آن لائن شدید ردِعمل کو جنم دیا ہے، ایک سوشل میڈیا صارف نے تبصرہ کیا ہے کہ جب ہیما مالنی کو مداحوں کے ساتھ تصاویر کھنچوانے میں اتنی مشکل پیش آتی ہے تو وہ عوامی دعوتیں قبول ہی کیوں کرتی ہیں؟
دوسرے نے لکھا ہے کہ اتنا غرور کیوں ہے؟
ایک اور سوشل میڈیا صارف نے ان کا موازنہ جیا بچن سے کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تو جیا بچن کی کاپی لگتی ہیں۔
ایک اور کمنٹ سامنے آیا جس میں کہا گیا ہے کہ بے وجہ کا غرور ہے، اگر ایسا ہی برتاؤ کرنا تھا تو پھر وہاں جانے کا فائدہ کیا تھا؟
دوسری طرف ان کے کچھ مداح سوشل میڈیا پر ان کا دفاع کرتے ہوئے بھی نظر آئے، ایک صارف نے لکھا کہ تصویر یا ویڈیو کے لیے پہلے اجازت مانگنی چاہیے، ورنہ ایسا ہی رویہ ملتا ہے۔
ایک اور مداح نے ویڈیو شیئر کرنے والی خاتون سے مخاطب ہو کر کہا ہے کہ میڈم! ویڈیو یا تصویر لینے سے پہلے کچھ آداب کا خیال رکھنا چاہیے، دوسرے شخص سے پوچھنا چاہیے کہ کیا وہ تصویر کھنچوانے میں آرام دہ ہے یا نہیں۔
اداکارہ سنیتا راجور نے بھی ہیما مالنی کا ساتھ دیا اور لکھا ہے کہ لوگ بغیر عزت و لحاظ کے کیوں تصویر لینا چاہتے ہیں؟ اداکار بھی انسان ہیں، ان کے ساتھ اس طرح کا برتاؤ نہ کریں۔
یاد رہے کہ بالی ووڈ کی ڈریم گرل ہیما مالنی نے 1968ء میں فلم سپنوں کا سوداگر سے اپنی شروعات کی اور شعلے، ستے پہ ستا، سیتا اور گیتا، تریشول اور محبوبہ جیسی کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
انہیں آخری بار 2020ء کی فلم شملہ مرچی میں اسکرین پر دیکھا گیا تھا لیکن تب سے انہوں نے اپنے سیاسی کیریئر پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔
ہیما مالنی 2014ء سے متھرا کی نمائندگی کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے لوک سبھا میں ایم پی کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔
حال ہی میں فلموں میں واپسی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ہیما مالنی کا کہنا تھا کہ آج کل جو فلم بناتے ہیں، میں اس میں فٹ نہیں ہوتی۔