بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور اور دیپیکا پڈوکون کی ممبئی ایئر پورٹ پر حالیہ ملاقات کے بعد ان کے ایک ساتھ سفر کرنے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور اور دیپیکا پڈوکون گزشتہ صبح ممبئی ایئر پورٹ پر ایک بار پھر ملے، ان کی ملاقات کی کئی تصاویر اور ویڈیوز آن لائن سامنے آئیں، جنہیں دیکھ کر مداح بہت خوش ہوئے، اب ایک اور ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ ایئر پورٹ سے باہر نکلتے ہوئے رنبیر دیپیکا کے پیچھے چلتے ہوئے لگ بھگ اپنی گاڑی ہی بھول گئے۔
ایک فین پیج کی جانب سے شیئر کیے گئے ویڈیو کلپ میں رنبیر اور دیپیکا کو اپنے سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ ایئر پورٹ سے باہر نکلتے دیکھا جا سکتا ہے، جہاں دیپیکا آگے چل رہی تھیں جبکہ رنبیر ان کے بالکل پیچھے تھے، جیسے ہی رنبیر کے ڈرائیور نے ان کے لیے کار کا دروازہ کھولا، مگر وہ توجہ دیے بغیر دیپیکا کے پیچھے چلتے رہے، جب دیپیکا اپنی گاڑی تک پہنچ گئیں، تب رنبیر کو احساس ہوا کہ وہ اپنی گاڑی کے پاس سے گزر چکے ہیں، پھر وہ مڑے اور اپنے اس بھلکڑ پن پر انہیں خود ہی ہنستے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ ویڈیو دیکھ کر ان کے مداح اس پر تبصرے کیے بغیر نہ رہ سکے، ایک مدا ح نے سوال اٹھایا ہے کہ دیپیکا کے ارد گرد یہ اتنے مضحکہ خیز کیوں ہو جاتے ہیں؟
ایک مداح نے کمنٹ کیا ہے کہ یہ بالکل بچے ہیں، کسی اور نے لکھا ہے کہ بھائی بھول گئے کہ انہیں کہاں جانا ہے، تیسرے صارف نے لکھا کہ جب انہوں نے دیپیکا کو دیکھا تو ان کا دماغ بند ہو گیا۔
ایک کمنٹ لکھا گیا کہ میں اس بات کو بھلا نہیں پا رہا، یہ کتنے پیارے ہیں، ایک اور نے لکھا کہ میں ہنسنا بند نہیں کر پا رہا اور یہ دیپیکا پڈوکون کا اثر ہے۔
اس سے قبل بھی ان کی ممبئی ایئر پورٹ پر دیپیکا سے ملاقات کی ایک اور ویڈیو وائرل ہوئی تھی، اس کلپ میں رنبیر کو دیپیکا کی جانب ہاتھ ہلاتے ہوئے دیکھا گیا تھا جو ایئر پورٹ کارٹ میں اپنے گیٹ کی طرف جا رہی تھیں۔
رنبیر کو دیکھ کر دیپیکا فوراً رک گئیں اور رنبیر کا انتظار کرنے لگی تھیں، جس کے بعد رنبیر ان کے برابر میں بیٹھ گئے اور کارٹ کے چلنے سے پہلے دونوں نے گرم جوشی سے بغلگیر ہو کر بات چیت بھی کی، بعد میں جب وہ ممبئی واپس لوٹتے ہوئے دیکھے گئے، تو انہیں اپنی اپنی گاڑیوں کی طرف جانے سے پہلے دوستانہ انداز میں الوداعی گلے ملتے دیکھا گیا۔
یاد رہے کہ رنبیر اور دیپیکا کی پہلی ملاقات فلم 2008ء میں فلم ’بچنا اے حسینو ‘ کے سیٹ پر ہوئی تھی اور اس کے بعد انہوں نے 2 سال تک ایک دوسرے کو ڈیٹ کیا تھا، بعد میں بریک اپ کے باوجود انہوں نے ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ اور ’تماشہ‘ جیسی ہٹ فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔
دیپیکا نے 2018ء میں رنویر سنگھ سے شادی کی تھی جبکہ رنبیر نے 2022ء میں عالیہ بھٹ سے شادی کی، اب دیپیکا اور رنویر بیٹی دعا کے جبکہ رنبیر اور عالیہ راہا کے والدین ہیں۔