• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی میوزک بینڈ نے کراچی میں کنسرٹ کے دوران بھارتیوں کے دل جیت لیے

فوٹو سوشل میڈیا
فوٹو سوشل میڈیا

پاکستانی بینڈ نے کراچی میں کنسرٹ کے دوران بھارت کے آنجہانی گلوکار زوبین گارگ کو خراج تحیسن پیش کرکے بھارتیوں کے دل جیت لیے۔

خود غرض بینڈ نے کراچی میں کنسرٹ کے دوران بھارتی گلوکار زوبین گارگ کے گانوں پر زبردست انداز میں پرفارم کیا، جسے مداحوں نے کافی پسند کیا۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بینڈ نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ زوبین گارگ آپ ہمیشہ ہماری پلے لسٹ کا حصہ رہیں گے، کراچی سے محبت کا پیغام قبول کریں۔

پاکستانی بینڈ کی جانب سے ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتے ہی بھارتی خوش ہوگئے اور سوشل میڈیا پر بینڈ کا شکریہ ادا کرتے نظر آئے۔

بھارتی سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے ’’زوبین ہمیشہ کہا کرتے تھے کہ موسیقی کی کوئی سرحد یا زبان نہیں ہوتی۔‘‘ ہمارا پسندیدہ بینڈ خود غرض ہماری دھرتی کے سپوت زوبین کو خوبصورت انداز میں خراج عقیدت پیش کررہا ہے۔

سوشل میڈیا صارف نے کہا کہ یہ دیکھ کر دل خوش ہو جاتا ہے جب سرحد کے اُس پار کے فنکار بھی زوبین کے گانوں پر زبردست انداز میں پرفارم کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ کے معروف گلوکار زوبین گارگ سنگاپور میں اسکوبا ڈائیونگ کرنے کے دوران چل بسے تھے۔

52 سالہ زوبین گارگ سنگاپور میں ’نارتھ ایسٹ انڈیا فیسٹیول‘ میں شرکت اور پرفارم کرنے کے لیے موجود تھے، جہاں انہیں 20 اور 21 ستمبر کو پرفارم کرنا تھا۔

گلوکار زوبین گارگ نے ہندی، بنگالی اور آسامی زبانوں میں گانے گائے اور بالی ووڈ میں شہرت کا آغاز فلم گینگسٹر کے مقبول گیت ’یا علی‘ سے کیا، انہوں نے فلم کرش 3 کے گانے ’دل تو ہی بتا‘ سمیت کئی سپر ہٹ گانے بھی گائے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید