افغانستان فٹ بال ٹیم کے تمام ارکان کو پاکستان کے ویزے ملنے کا مسئلہ اب تک حل نہ ہو سکا جس کے باعث پاکستان اور افغانستان کے درمیان اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائر کے میچ پر سوالیہ نشان لگ گیا۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان ایشین کپ کوالیفائر کا میچ 9 اکتوبر کو اسلام آباد میں شیڈولڈ ہے۔
ذرائع کے مطابق آج صرف 3 پلیئرز اور 10 آفیشلز کو پاکستان کے ویزے جاری ہوئے ہیں، صرف ان افراد کو ویزے جاری ہوئے جو کابل ایمبیسی میں بائیومیٹرک کےلیے پہنچے تھے۔
افغانستان سے باہر مقیم ٹیم کے پلیئرز کو پاکستان کے ویزے جاری نہ ہو سکے، افغانستان فٹ بال فیڈریشن نے بیرونِ ملک مقیم پلیئرز کے لیے بھی انٹرویو اور بائیومیٹرک مقام افغانستان لکھا تھا۔
پی ایف ایف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ویزوں کا مسئلہ تاخیر سے درخواست اور غلط مقام درج کرنے سے ہوا، افغانستان فٹ بال حکام نے 27 ستمبر کو پاکستاں کے ویزوں کے لیے درخواست جمع کرائی تھی، ویزوں کا ریفرنس نمبر پاکستان فٹ بال فیڈریشن کو 2 اکتوبر کو بھیجا گیا تھا۔
پاکستاں فٹ بال فیڈریشن معاملے پر ایشین فٹبال کنفیڈریشن سے رابطے میں ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایف ایف نے اے ایف سی کو ویزوں میں تاخیر اور افغانستان حکام کی غلطی سے آگاہ کردیا، افغانستان کا تاخیر سے ویزا اپلائی کرنا اے ایف سی کے کمپیٹیشن ریگولیشن کی خلاف ورزی ہے۔
پی ایف ایف کے ذرائع کے مطابق پاکستان فٹ بال فیڈریشن اب بھی معاملہ حل کرانے کے لیے کوشش کر رہی ہے، میچ نہ ہوا تو پاکستان فٹ بال فیڈریشن افغانستان کی غلطی کی بنیاد پر واک اوور کا کیس اپلائی کرے گی، اے ایف سی موجود صورتِ حال میں ری شیڈول اور واک اوور دونوں آپشنز پر غور کر سکتی ہے۔