پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما سلمان اکرم راجا نے بانی چیئرمین کی اڈیالہ جیل سے منتقلی کی خبروں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں سلمان اکرم راجا نے کہا کہ توشہ خانہ ٹو کا ایک مقدمہ بھی بانی پی ٹی آئی پر چل رہا ہے، اگلا مقدمہ 190 ملین پاؤنڈ کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک بار بانی چیئرمین پر توشہ خانہ کا مقدمہ چل چکا ہے، بانی پی ٹی آئی نے تحفے قانون کے مطابق خریدے۔ ہائیکورٹ میں ہم نے درخواست دی کہ اس کیس کو ختم کیا جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے 5 ججز نے دسمبر 2023ء میں فیصلہ دیا کہ فوجی عدالتیں درست نہیں جبکہ آئینی بینچ نے کہا کہ سویلین کا فوجی عدالتوں میں کیس چل سکتا ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی سے اس کا انتخابی نشان چھینا گیا لیکن عوام نے ووٹ دیا، پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں کو بھی چھینا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم نے پاکستان کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا، اس کے ذریعے عدلیہ کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ اس ترمیم سے عدلیہ کا وجود ختم کرنے کی کوشش کی گئی، کچھ ہو نہ ہو 26 ویں آئینی ترمیم کی جنگ لڑیں گے۔