• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب حکومت سیلاب زدگان کی مدد کرنے میں ناکام ہو چکی: وقار مہدی

وقار مہدی—فائل فوٹو
وقار مہدی—فائل فوٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر وقار مہدی کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، سیلاب زدگان کی مدد کرنے میں ناکام ہو چکی۔

میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سیلاب میں کوئی پیش گی اقدامات نہیں کیے، پنجاب حکومت کا کوئی وزیر ہمیں سیلابی علاقوں میں نظر نہیں آیا۔

وقار مہدی نے کہا کہ سندھ ساڑھے 6 لاکھ کیوسک کا سیلاب دیکھ چکا، سندھ حکومت نے سوشل میڈیا کا سہارا نہیں لیا، ٹک ٹاک نہیں بنائی، گڈو سے لے کر آپ کہیں بھی چلے جائیں، کچے کے علاوہ کہیں پانی نہیں آیا، سندھ میں صرف کچے کا علاقہ متاثر ہوا، ہم نے وقت پر لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا۔

ان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں آج بھی کئی بستیاں ڈوبی ہوئی ہیں، ملتان میں قاسم گیلانی موجود تھے، امدادی کاموں میں مصروف تھے، علی حیدر گیلانی کی سیکیورٹی واپس لے لی گئی، ہم نے کبھی صوبائیت کا نعرہ نہیں لگایا، ہم وفاق کی جماعت ہیں، آصف زرداری نے ہمیشہ وفاق کو مضبوط کرنے کی بات کی ہے۔

سینیٹر وقار مہدی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی گالم گلوچ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، یہ آپ کا شیوہ رہا ہے، پیپلز پارٹی نے ملک کے لیے کام کیا، پنجاب کی بات اس لیے کر رہے ہیں کیونکہ ہمارے لوگ وہاں ہیں، ہم عوامی جماعت ہیں، ہم لوگوں کی بات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو سیاست پنجاب میں کی جا رہی ہے، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، کراچی میں بھی لسانیت کے خلاف جنگ میں جدو جہد کی اور قربانیاں دیں، بلاول بھٹو زرداری نے تمام ممالک کے ساتھ تعلقات کو بحال کیا، ملک کو گرے لسٹ سے نکلوایا۔

پیپلز پارٹی کے سینیٹر نے کہا کہ ہم جمہوریت کی بقا اور مضبوطی کے لیے حکومت کو سپورٹ کرتے ہیں، لڑائی وزیرِ اعظم کی کرسی کی ہے، یہ آپ کے گھر کی لڑائی ہے، اس میں ہمیں نہ گھسیٹیں۔

ان کا کہنا ہے کہ مودی ہماری دعوت پر نہیں آیا، آپ کی دعوت پر آیا تھا، بلاول بھٹو نے تو مودی کو گجرات کے قصائی کا لقب دیا، ہم نے ہمیشہ بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کربات کی ہے۔

وقار مہدی نے یہ بھی کہا ہے کہ ہمیں بھارت کے ساتھ تجارت کا کوئی شوق نہیں، ہم کسی سرکاری گملے میں پیدا ہو کر نہیں آئے، ملک کے کسی بھی حصے میں لسانیت پر سیاست برداشت نہیں کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید