کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’رپورٹ کارڈ‘‘ میں میزبان مبشر ہاشمی نے اپنے پینل کے سامنے سوال رکھا کہ پی پی اور ن لیگ کی کشیدگی کیا اس صورتحال سے تحریک انصاف فائدہ حاصل کرسکتی ہے؟ جواب میں تجزیہ کار ارشاد بھٹی، فخر درانی، سلیم صافی اور محمل سرفراز نے کہا کہ موجودہ سیاسی منظرنامے میں جاری ”نورا کشتی“ سے تحریکِ انصاف کو کوئی فائدہ حاصل نہیں ہو رہا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر دونوں بڑی جماعتیں سیاست سے ریٹائر ہو کر گھر بھی بیٹھ جائیں تو بھی کوئی تیسری قوت اس خلا کو پُر کر لے گی مگر تحریکِ انصاف کے حصے میں کچھ نہیں آئے گا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس وقت تحریکِ انصاف کو سب سے زیادہ نقصان میڈیا کوریج کے حوالے سے ہو رہا ہے کیونکہ جو وقت اور توجہ پہلے اسے ملتی تھی اب وہ دونوں جماعتوں کے حصے میں آ رہی ہے۔ محسن نقوی کو مقتدر حلقوں کے قریب سمجھا جاتا ہے اسی لیے انہیں یہ معاملات سلجھانے کی ذمہ داری دی گئی ہے تاہم سیاسی حلقوں کے خیال میں اس صورتحال کا منطقی انجام یہی دکھائی دیتا ہے کہ دونوں جماعتیں ”اسی تنخواہ پر“ اپنا کام جاری رکھیں گی جبکہ اگر تحریکِ انصاف پارلیمانی سیاست میں متحرک کردار ادا کر رہی ہوتی تو اس صورتحال سے فائدہ اٹھا سکتی تھی۔