راولپنڈی (این این آئی)سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے پانچ ججز نے سویلین ٹرائلز کے حوالے سے بڑا واضح فیصلہ دیا مگر 26ویں ترمیم کے بعد اسی سپریم کورٹ نے اپنے ہی فیصلے کو اڑا کر رکھ دیا، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں سویلینز کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہو رہا ہے۔سلمان اکرم راجہ نے بابر اعوان اور دیگر کے ہمراہ میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز بانی چیئرمین کے ساتھ تفصیلی گفتگو ہوئی، آج 26 ویں ترمیم کے حوالے سے سپریم کورٹ میں درخواستوں پر سماعت ہوئی، 26 ویں آئینی ترمیم نے ملک کے عدالتی نظام کو شدید نقصان پہنچایا ہے، آئین میں عدلیہ کی اصل روح اور بنیادی ڈھانچے کو تبدیل کر دیا گیا، آپ نے دیکھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ پر حملہ کیا گیا جسٹس جہانگیری پر حملہ کیا گیا۔