گری دار میوے انسانی صحت کے لیے نہایت مفید سمجھے جاتے ہیں اور ان کے باقاعدہ استعمال سے متعدد دائمی امراض کا خطرہ نمایاں طور پر کم ہوجاتا ہے، انہی میں سے ایک بادام ہے، جو ذائقے میں لذیذ اور غذائیت میں بے مثال ہے۔
اگر آپ روزانہ بادام کھانے کے عادی ہیں تو یہ معمول آپ کی صحت کے لیے کئی لحاظ سے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے، بادام غذائی اجزا، وٹامنز اور اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور ہوتے ہیں، جو جسم کو مضبوط اور کئی بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔
کولیسٹرول کو متوازن رکھنے میں مددگار
تحقیقات کے مطابق باداموں میں موجود صحت مند چکنائیاں خون میں نقصان دہ کولیسٹرول کو کم اور مفید کولیسٹرول کی سطح کو برقرار رکھنے میں مدد کرتی ہیں، جس سے دل کے امراض اور فالج کے خطرات میں کمی آتی ہے، ماہرین کے مطابق روزانہ تقریباً 45 گرام بادام کا استعمال دل کی صحت کے لیے مؤثر ہے۔
کینسر کے خطرے میں کمی
ماہرین کا کہنا ہے کہ باداموں میں پائے جانے والے قدرتی مرکبات اینٹی آکسائیڈنٹس خصوصیات رکھتے ہیں جو جسم میں سوزش کو کم کرتے اور مخصوص اقسام کے کینسر سے تحفظ فراہم کرتے ہیں، ایک تحقیق کے مطابق وہ خواتین جو روزانہ بادام، اخروٹ یا مونگ پھلی کھاتی ہیں، ان میں بریسٹ کینسر کا خطرہ نمایاں طور پر کم ہوتا ہے۔
امراضِ قلب سے حفاظت
بادام کے مستقل استعمال سے بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی سطح متوازن رہتی ہے، جبکہ یہ دل کی شریانوں کو بھی بہتر بناتا ہے، جس کے نتیجے میں ہارٹ اٹیک اور دیگر قلبی امراض کا امکان گھٹ جاتا ہے۔
بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے میں مددگار
بادام کاربوہائیڈریٹس میں کم اور پروٹین و میگنیشیم میں زیادہ ہوتے ہیں، جو ذیابیطس کے مریضوں کے لیے مفید ہیں، ماہرین کے مطابق باداموں میں موجود میگنیشیم بلڈ شوگر کی سطح کو متوازن رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
وزن میں کمی میں مدد
ایک تحقیق میں انکشاف ہوا کہ بادام کھانے سے بھوک میں کمی آتی ہے، جس سے مجموعی کیلوریز کے استعمال میں کمی واقع ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ بادام وزن گھٹانے کے خواہش مند افراد کے لیے ایک صحت مند انتخاب ثابت ہوسکتا ہے۔
ہڈیوں اور دانتوں کو مضبوط بناتا ہے
بادام میں کیلشیئم وافر مقدار میں پایا جاتا ہے، جو ہڈیوں اور دانتوں کی مضبوطی کے لیے ضروری ہے، کیلشیئم کی کمی ہڈیوں کے کمزور ہونے اور آسٹیوپوروسس جیسے امراض کا باعث بن سکتی ہے۔
جلد کی خوبصورتی میں اضافہ
بادام میں موجود وٹامن ای، اینٹی آکسائیڈنٹس اور صحت مند چکنائیاں جلد کو تروتازہ رکھنے میں مدد دیتی ہیں، ایک تحقیق کے مطابق روزانہ بادام کھانے سے درمیانی عمر میں جھریاں بننے کے امکانات کم ہوجاتے ہیں اور جلد نرم و ہموار رہتی ہے۔
وٹامن ای کا خزانہ
بادام وٹامن ای سے بھرپور ہوتے ہیں جو جسم کے خلیات کو محفوظ رکھتے ہیں، یہ وٹامن دماغی صحت، بینائی اور دل کے امراض سے بچاؤ میں بھی معاون ہے۔
اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور
باداموں میں پائے جانے والے اینٹی آکسائیڈنٹس جسم کو آکسیڈیٹو اسٹریس سے بچاتے ہیں، جو قبل از وقت بڑھاپے، خلیات کے نقصان اور کئی بیماریوں کا سبب بنتا ہے۔
ماہرین کا مشورہ ہے کہ روزانہ بادام کھانے کی عادت اپنائی جائے، تاہم اعتدال ضروری ہے کیونکہ بادام میں کیلوریز کی مقدار زیادہ ہوتی ہے اور ضرورت سے زیادہ کھانے سے وزن بڑھ سکتا ہے۔
نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔