• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیکیورٹی فورسز کا ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 7 بھارتی اسپانسرڈ خوارج ہلاک

فائل فوٹو
فائل فوٹو

سیکیورٹی فورسز کے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے نتیجے میں 7 بھارتی اسپانسرڈ خوارج ہلاک ہوگئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے میجر شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، اس دوران سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں 7 بھارتی اسپانسرڈ خوارج ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران میجر سبطین حیدر نے جامِ شہادت نوش کیا۔ وہ بہادری سے اپنے دستے کی قیادت کر رہے تھے۔

میجر سبطین حیدر بہادری سے اپنے دستے کی قیادت کر رہے تھے—تصویر بشکریہ آئی ایس پی آر
میجر سبطین حیدر بہادری سے اپنے دستے کی قیادت کر رہے تھے—تصویر بشکریہ آئی ایس پی آر

ہلاک ہونے والے خوارج سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر دہشتگرد حملوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث رہے تھے۔

اس آپریشن سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان کے بہادر افسران و جوان دن رات وطن کی حفاظت میں مصروف عمل ہیں، مجھ سمیت پوری قوم کو اپنی بہادر افواج کے افسران و جوانوں پر فخر ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، پوری قوم افواجِ پاکستان کے غیر متزلزل عزم میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیراعظم نے آپریشن میں شہید ہونے والے میجر سبطین حیدر شہید کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہید کی بلندیٔ درجات اور ان کے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا بھی کی۔

قومی خبریں سے مزید