پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے مقبول اداکار منیب بٹ نے حال ہی میں ایک شو میں شرکت کے دوران اپنی بیٹیوں کے بارے میں دل چھو لینے والی باتیں کیں۔
ان کی اہلیہ ایمن خان بھی پاکستان کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی اداکاراؤں میں سے ایک ہیں، ان کی بیٹیوں کی تصویریں اور ویڈیوز اکثر ان کے سوشل میڈیا اور وی لاگز میں نظر آتی ہیں، منیب بٹ نے حال ہی میں اپنی تیسری بیٹی نیمل بٹ کی پیدائش کی خبر مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھی۔
اداکار نے ایک شو میں گفتگو کے دوران بتایا کہ میری بیٹیاں میرے لیے اللّٰہ کی سب سے بڑی نعمت ہیں، ہر بیٹی کی پیدائش کے ساتھ میری زندگی میں برکت اور کامیابی بڑھی۔
منیب نے بتایا کہ میری بیٹیوں نے میری زندگی بدل دی ہے، ہر بیٹی کے آنے کے بعد اللّٰہ نے مجھے ترقی دی، مالی طور پر بھی اور کام کے میدان میں بھی، میرے تمام بڑے پروجیکٹس انہی سالوں میں ہٹ ہوئے جب میری بیٹیاں پیدا ہوئیں۔
اداکار کے یہ جذباتی الفاظ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے اور مداحوں نے ان کے بیٹیوں سے بے پناہ پیار کو خوب سراہا۔