• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: افغان وزیر خارجہ کا معروف دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کا دورہ


فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا 

افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نے اپنے دورہ بھارت کے موقع پر ریاست اترپردیش میں معروف دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کا بھی دورہ کیا۔

افغانی وزیر خارجہ نے دارالعلوم دیوبند میں جمعیت علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی سے ملاقات کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق افغان وزیر خارجہ کی آمد پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

افغان وزیر خارجہ کے استقبال کے موقع پر طلبا سمیت لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہونے سے بدنظمی دیکھنے میں آئی اور افغان وزیر خارجہ کے حفاظتی حصار کی خلاف ورزی پر پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا۔

افغان وزیر خارجہ نے دارالعلوم کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی اور جمعیت علما ہند (الف) کے صدر مولانا ارشد مدنی سمیت دیگر علماء سے ملاقاتیں کیں۔ امیر خان متقی کو مفتی ابوالقاسم نعمانی نے حدیث کی سند بھی عطا کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق افغانستان میں 2021 میں طالبان کے بر سر اقتدار آنے کے بعد افغان وزیر خارجہ کا یہ پہلا دورۂ بھارت ہے، امیر خان متقی نے دارالعلوم دیو بند کے کیمپس کا معائنہ کرنے کے بعد اساتذہ و اتنظامیہ سے بھی ملاقات کی۔

رپورٹ کے مطابق افغان وزیر خارجہ کل آگرہ جائیں گے جہاں وہ تاج محل کا دورہ کریں گے، اس کے بعد 13 اکتوبر کو دہلی میں بھارتی کاروباری شخصیات سے ملاقات کریں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید