وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے بھرپور جواب کے بعد جھڑپوں کا سلسلہ رک گیا ہے، افغان طالبان اپنی پوسٹیں چھوڑ کر بھاگ گئے۔
’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے افغان جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے، 200 سے زائد افغان طالبان ہلاک ہوئے ہیں۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ طالبان کے وزیرِ خارجہ بھارت میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف بیان دیتے ہیں، اسی رات پاکستان پر دہشت گردوں سے مل کر افغان طالبان حملہ کرتے ہیں، افغانستان کی سر زمین ہمارے خلاف استعمال ہوتی رہی، کئی بار ہم ان کو بتا چکے ہیں، ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں کہ تانے بانے وہاں سے ملتے ہیں۔
وفاقی وزیر عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ افغانستان کے عوام اب طالبان حکومت کے پیچھے نہیں کھڑے، اب اگر انہوں نے پھر ایسا کوئی کام کیا تو بھرپور جواب ملے گا، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے کوئی گنجائش نہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2014ء میں آپریشن کے ذریعے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا، بانیٔ پی ٹی آئی نے دہشت گردوں کو واپس لا کر بسایا، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے بھی کوئی گنجائش نہیں۔