بالی ووڈ کے سینئر اداکار پریم چوپڑا طبیعت ناساز ہونے پر ممبئی کے اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے سینئر اداکار پریم چوپڑا کو سینے میں انفیکشن کے باعث گزشتہ ہفتے (8 نومبر) ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں داخل کیا گیا۔
وہ گزشتہ تین روز سے طبی نگرانی میں ہیں، ان کے اہلِ خانہ کے مطابق اب ان کی طبیعت میں واضح بہتری آ رہی ہے۔ انہیں اگلے تین سے چار دنوں میں اسپتال سے فارغ کیے جانے کی توقع ہے۔
پریم چوپڑا بھارتی سنیما میں اپنے منفرد منفی کرداروں کے لیے جانے جاتے ہیں، انہوں نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز پنجابی فلم ’چوہدری کرنیل سنگھ‘ (1960) سے کیا تھا، یہ فلم نیشنل ایوارڈ یافتہ قرار پائی۔
اسی دوران انہوں نے ہندی فلموں میں بھی قدم رکھا اور ’شہید‘ (1965) میں ایک مثبت کردار کے ذریعے پہچان حاصل کی، تاہم انہیں اصل شہرت شائستہ مگر خطرناک ولن کے روپ میں ملی، جس نے انہیں 70ء اور 80ء کی دہائی کے مقبول ترین اداکاروں میں شامل کر دیا۔
60ء کی دہائی کے آخر سے 90ء کی دہائی کے وسط تک پریم چوپڑا نے دو راستے، (1969)، کٹی پتنگ، (1970)، دو انجانے (1976)، دوستانا (1980) اور کرانتی (1981) جیسی کامیاب فلموں میں یادگار کردار ادا کیے۔
اپنے چھ دہائیوں پر محیط شاندار کیریئر میں وہ 300 سے زائد فلموں میں جلوہ گر ہوئے۔ ان کی راجیش کھنہ کے ساتھ جوڑی نے بالی ووڈ میں کئی سپر ہٹ فلمیں دیں اور ان کے ساتھ 19 فلموں میں مرکزی ولن کا کردار ادا کیا۔
پریم چوپڑا حال ہی میں رنبیر کپور کی فلم ’اینیمل‘ میں دیکھا گیا ہے، بھارتی سنیما میں ان کی خدمات پر انہیں کئی ایوارڈز اور اعزازات ملے، وہ بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکاروں میں منفرد پہچان رکھتے ہیں۔