• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ذہنی صحت کی خاطر علیحدگی لی لیکن اب خوف میں مبتلا ہوگئی ہوں: شرمین علی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ شرمین علی نے پہلی بار اپنی علیحدگی کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔

ان کا کہنا تھا کہ علیحدگی کا فیصلہ ذہنی صحت کی خاطر لیا لیکن اس کا منفی اثر مرتب ہوا ہے اب میری زندگی میں کوئی شخص آجائے میں اسے کھونے سے ڈرتی ہوں۔

حال ہی میں اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی۔ جہاں انہوں نے نجی زندگی سمیت دیگر امور پر کھل کے بات کی۔

شرمین علی نے ایک سیگمینٹ کے دوران کہا کہ علیحدگی ایک ایسا موضوع ہے جس پر بات کرنا میرے لیے بہت مشکل ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے علیحدگی کا فیصلہ اپنی ذہنی صحت کی خاطر لیا، اس وقت ہر ایک نے میری مخالفت کی تھی لیکن مجھے یہی ٹھیک لگا تھا، میں اتنی مضبوط تھی کہ مجھے لگا کہ میں سب سنبھال لوں گی اور کافی حد تک خود کو سنبھالا بھی لیکن اس کے بعد میں زندگی میں تنہا ہوگئی۔

35 سالہ اداکارہ نے کہا کہ جب زندگی میں تنہائی کا سامنا کیا اس کے بعد میں اتنی مضبوط نہیں رہی۔ اب اگر میری زندگی میں کوئی دوست یا انسان آجائے تو میں اسے کھونے کے خوف میں مبتلا ہوجاتی ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ خوف اس قدر مجھ پر حاوی ہوجاتا ہے کہ میں بالکل ڈور میٹ بن جاتی ہوں۔ جب آپ ایسا کرتے ہیں تو دوسرا آپ کی عزت کرنا چھوڑ دیتا ہے، یہی میرے ساتھ بھی ہوا۔

واضح رہے کہ شرمین علی نے 2015 میں ڈرامہ سیریل ’میرا درد نہ جانے کوئی‘ سے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا۔ ان کے مشہور ڈراموں میں پیار کے صدقے، تم ہو وجہ ، رسوئی، لوٹ کے چلے آنا اور پردیس شامل ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید