• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپانی شہر ایواکی سٹی اور وزیرآباد کو ’سسٹر سٹیز‘ قرار دینے کی تیاریاں شروع

جنگ فوٹو
جنگ فوٹو 

جاپان کے معروف شہر ایواکی سٹی اور پاکستان کے تاریخی شہر وزیرآباد کے درمیان دوستی اور ثقافتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے دونوں شہروں کو ’سسٹر سٹیز‘ قرار دینے کے منصوبے پر باضابطہ طور پر کام شروع ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایواکی سٹی کے میئر ہیرویوکی اوچیدا اور جاپان میں مقیم پاکستانی نژاد معروف کاروباری شخصیت ملک سلیم کے درمیان حالیہ ملاقات میں اس بات پر اتفاق رائے پیدا ہوا کہ جَلد ہی دونوں شہروں کے درمیان سسٹر سٹی معاہدے کو سرکاری سطح پر حتمی شکل دی جائے گی۔

اس موقع پر میئر اوچیدا نے ملک سلیم کی جاپان، خصوصاً ایواکی شہر کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور عوامی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

گزشتہ 25 برسوں سے ایواکی شہر میں مقیم ملک سلیم نے ’جنگ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا آبائی تعلق وزیرآباد سے ہے اور وہ ہمیشہ سے خواہش رکھتے تھے کہ ان کے جاپانی شہر ایواکی اور پاکستانی شہر وزیرآباد کے درمیان بھائی چارے اور تعاون پر مبنی تعلقات قائم ہوں۔ 

اِن کے مطابق اگر یہ دونوں تاریخی شہر سسٹر سٹی قرار پاتے ہیں تو یہ ناصرف میرے لیے بلکہ دونوں قوموں کے عوام کے لیے فخر کی بات ہوگی۔

واضح رہے کہ ایواکی سٹی، جاپان کے فکوشیما پریفیکچر کا ایک صنعتی اور ساحلی شہر ہے جبکہ وزیرآباد پاکستان میں اپنی دستکاری، تاریخی ورثے اور صنعت کے حوالے سے عالمی شہرت رکھتا ہے۔

دونوں شہروں کے درمیان سَسٹر سٹی معاہدہ دونوں ممالک کے عوامی اور ثقافتی تعلقات میں ایک نیا باب ثابت ہوگا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید