کوئٹہ (پ ر) مرکزی علماء کونسل بلوچستان کے صوبائی صدر مفتی وحید احمد اور جنرل سیکرٹری سید نسیم الرحمن نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نازک صورتحال میں دانشمندی، صبر اور باہمی احترام کے رویے کو اپنانا نہایت ضروری ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دو برادر اسلامی ممالک ہیں جن کے درمیان ایمانی رشتہ، تاریخی تعلق اور ثقافتی قربت صدیوں سے قائم ہے ایسے میں دونوں ممالک کو چاہیئے کہ بات چیت، افہام و تفہیم اور سفارتی روابط کے ذریعے اختلافات حل کریں تاکہ خطے میں امن اور استحکام کو نقصان نہ پہنچے علماء کرام نے زور دیتے ہوئے کہا کہ افغان حکومت اپنی سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف شرانگیزی کے لیے استعمال ہونے سے روکے جنگ اور تصادم کسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ یہ عوامی تکالیف، معاشی تباہی اور خطے میں مزید بے اعتمادی پیدا کرتے ہیں دونوں ملک نفرت کی بجائے تعاون اور خیرسگالی کے جذبے کو فروغ دیں۔