کراچی( اسٹاف رپورٹر )رات گئے ہیوی ٹریفک نے مزید دو شہریوں کی جان لے لی،ٹریفک حادثات میں دو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے، ایک شخص کی لاش ملی۔تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد 10نمبر اٹک پمپ کے قریب ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار شخص جاں بحق ہو گیا۔حادثے کے بعد مشتعل افراد نے ٹرک کو آگ لگادی۔اطلاع پر پولیس اور رینجرز اہلکار موقع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ حادثے میں جاں حق شخص کی شناخت 37 سالہ صابر ولد بابر کے نام سے ہوئی جس کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا،حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور فرار ہو گیا۔ ماڈل کالونی کے علاقے کیبیز ریسٹورنٹ کے قریب ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔جاں بحق ہونے والے شخص کی عمر 50 برس کے قریب ہے تاہم فوری طور پر اس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے جبکہ زخمیوں کی شناخت 45 سالہ معشوق علی ولد عطاء محمد اور 19سالہ مستقیم کے ناموں سے ہوئی، حادثے کے بعد مشتعل افراد نے ٹرک کے شیشے توڑے دئیے اور ٹرک ڈرائیور ثروت کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا،حادثے کے باعث ٹریفک بھی جام ہو گیا ۔سرجانی کے علاقے تیسر ٹاؤن اجمیر گوٹھ کے قریب جھاڑیوں سے ایک شخص کی لاش ملی۔پولیس نے بتایا کہ متوفی کی شناخت افتخار کے نام سے ہوئی ہے اور اس کی موت طبعی طور واقع ہوئی ہے۔ متوفی کے جسم پر کسی کی چوٹ یا زخم کا کوئی نشان نہیں تھا ۔متوفی لیاری تیسر ٹاؤن سیکٹر 52 کا رہائشی اور تین روز سے لاپتہ تھا جبکہ اس کا دماغی توازن بھی درست نہیں تھا۔