کراچی ( جنگ نیوز) لندن کےمئیرصادق خان نے اپنی 55ویں سالگرہ پاکستانی نژاد امریکی ارب پتی شاہد خان کی پرتعیش کشتی’’ قسمت ‘‘ پرمنائی ہے۔ شاہد خان جنہیں عام طور پر’’ تیش ود کیش‘‘ کی عرفیت سے جانا جاتا ہے ان کے بارے میں بتایاجاتا ہے کہ وہ صادق خان کے دوست ہیں اور انکی پرتعیش کشتی کی قیمت 268 ملین پاؤنڈ(76ارب روپے) ہے۔ اس 122 میٹر طویل کشتی کا نام ’’ قسمت‘‘ ہے اور اس پر نائٹ کلب، سوئمنگ پول بھی موجود ہیں اور اس کشتی کی اپنی ایک آ ٓبدوز بھی ہے یہ کشتی جس کا ہفتہ وار کرایہ ہی 2.6 ملین پاؤنڈ ہے اس پر ہیلی کاپٹر اترنے کی جگہ سوانا باتھ اور جیمنازیم بھی موجود ہے جبکہ اس کشتی کا عملہ 36 افراد پر مشتمل ہے۔ شاہد خان فل ہام فٹبال کلب کے مالک ہیں اس کے علاوہ وہ جیکسن وائل جیگوار نیشنل فٹبال لیگ کے مالک بھی ہیں۔ شاہد خان نے اتنی دولت کاروں کے پرزے بنانے کی امریکی کمپنی فلیکس اینڈ گیٹ سے اکٹھی کی اور ان کی دولت کا اندازہ 10.9 ارب اہؤنڈ ہے۔