اسلام آباد( نیو زرپورٹر)برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے برطانیہ کی جانب سےمدارس کے طلباء کو جدید تکنیکی تعلیم، ہنر کی فراہمی کیلئے پاکستان کو معاونت کی پیشکش کرتے ہوئے کہاہے کہ کہ مدارس سے فارغ التحصیل طلباء کو برطانیہ میں ایکسچینج پروگرامز اور سکالرشپ فراہم کرسکتے ہیں جبکہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے برطانوی سفیر سے کہا کہ پاکستان برطانیہ سے تعلقات کو گہری قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور آنے والے وقت میں اس تعاون کو مزید وسعت دینے کا منتظر ہے۔ دونوں شخصیات کے درمیان ملاقات کے دوران پاکستان اور برطانیہ نے انتہا پسندی کے خاتمے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق طے پایا ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر ریاستی سرپرستی میں ہونے والے ظلم و ستم میں اضافہ تشویشناک ہے۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے عیسائی، ہندو، سکھ، پارسی اور دیگر مذاہب کے ماننے والے پاکستانی ہمارے سماجی تانے بانے کا اٹوٹ حصہ ہیں۔