• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کینیڈا: پہلی بار سرکاری سطح پر پرچمِ حسین علیہ السلام بلند کیا گیا

کینیڈا کے شہر برامپٹن میں پہلی بار سرکاری سطح پر پرچمِ حسین علیہ السلام بلند کیا گیا۔

کینیڈا نے ہر سال اکتوبر کو اسلامی ورثہ کا مہینہ قرار دے رکھا ہے، اس سلسلے میں حضرت امام حسین علیہ السلام فاؤنڈیشن نے برامپٹن سٹی ہال پر پرچمِ حسین علیہ السلام لہرانے کا انتظام کیا۔

تقریب میں کینیڈا کے پاکستانی نژاد وفاقی وزیر شفقت علی نے خصوصی شرکت کی۔

امام حسین علیہ السلام فاؤنڈیشن کے بانی سید میثم رضا نے کہا کہ آج ہم حضرت امام حسینؑ اور ان کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سرزمینِ کربلا میں امام حسین علیہ السلام ظلم و ناانصافی کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہوئے اور جبر کے آگے سر جھکانے سے انکار کیا۔ ان کا حوصلہ، استقامت اور حق کے لیے ان کا عزم آج بھی دنیا بھر کے لوگوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم یہاں برامپٹن شہر میں امام حسینؑ کا پرچم بلند کر رہے ہیں، تو ہم صرف تاریخ رقم نہیں کر رہے بلکہ سچائی، انصاف، ہمدردی اور عزتِ نفس جیسی ان اقدار کا جشن منا رہے ہیں جو ہم سب کو یکجا کرتی ہیں۔

اس موقع پر نازیہ میثم نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا۔

تقریب کے دوران احمد عثمان نے تلاوتِ کلام پاک کی سعادت حاصل کی جبکہ محسن شوکت علی اور انیس عباس نے نعت اور منقبت پڑھی۔

مقررین میں وفاقی وزیر شفقت علی، علامہ طارق غوری، سبرینہ قاسم اور مولانا سید محمد علی نجفی شامل تھے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید