پاکستانی معروف ہدایتکارہ و اداکارہ سنگیتا نے انکشاف کیا کہ ماضی میں بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار راج کپور نے اپنے بھائی و اداکار رشی کپور سے شادی کروانے کی پیشکش کی تھی۔
انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ معروف بھارتی ہدایت کار مہیش بھٹ نے فلم کی ہدایت کاری کی پیشکش بھی کی۔
چند ماہ قبل سنگیتا نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی تھی، جہاں انہوں نے مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور دہائیوں پرانے شوبز کے رازوں سے بھی پردہ اُٹھا دیا۔
انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ بھارتی فلم ساز مہیش بھٹ نے مجھے بھارت آکر ہدایت کاری کی پیشکش کی تھی اور کہا تھا کہ فلم کی کہانی اور میوزک تیار ہے آپ بس آئیں اسے ہدایت دیں لیکن میں نے ان کی یہ آفر یہ کہتے ہوئے مسترد کر دی کہ میں اس طرح کام نہیں کرتی، آپ کو اسسٹینٹ ڈائریکٹر کی ضرورت ہے ڈائریکٹر کی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بطور ڈائریکٹر میں اپنی پسند اور مرضی کی کہانی پر کام کرنا چاہوں گی جس کا میوزک بھی میں خود تشکیل دوں، بھلے اسے اپرو وہ کرتے، لیکن جس طرح سے انہوں نے مجھے کام کے لیے بلایا وہ ڈائریکٹر نہیں اسسٹینٹ ڈائریکٹر چاہ رہے تھے۔
ہدایتکارہ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ماضی میں کئی بار بھارت سے کام کی پیشکش ہوئی لیکن مجھے پاکستان میں کام کرنے کا شوق ہے اس لیے کبھی بھارت جاکر کام کرنے کا نہیں سوچا۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ جب تاشقند میں لگنے والے فلمی میلے میں اپنی فلم کی نمائش کے لیے گئی تھیں، اس وقت وہاں راج کپور بھی اپنی فلم کی نمائش کے لیے آئے ہوئے تھے، انہوں نے بھی مجھے وہاں بھارت میں کام کرنے پیشکش کی تھی۔
سنگیتا کا کہنا تھا کہ اس وقت میری عمر بہت کم تھی، راج کپور نے مجھے کہا کہ میں تمہاری رشی کپور سے جھوٹی شادی کروادیتا ہوں تاکہ میں آرام سے بھارت آکر کام کر سکوں، وہ مجھے اپنی فلم پریم روگ میں لینا چاہتے تھے لیکن میں نے انکار کر دیا۔