• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزل: دل و دماغ میں خوش بُو بسا رہا ہے کوئی ...

سیّد سخاوت علی جوہرؔ

دل و دماغ میں خوش بُو بسا رہا ہے کوئی

تخیّلات کی دُنیا میں آرہا ہے کوئی

نوازشِ نگہہِ یار ہوگئی ہوگی

تصوّرات میں خود کو سجا رہا ہے کوئی

ٹھہر جا رات کہ کہتی ہیں دھڑکنیں دل کی

وہ آرہا ہے، وہ آیا، وہ آرہا ہے کوئی

چلے ہیں دوش پہ اپنی سماعتیں لے کر

غزل جو دھیمے سُروں میں سُنا رہا ہے کوئی

کہیں تلاش کرو آشتی کی دیوی کو

قدم قدم پہ فتنے اُٹھا رہا ہے کوئی

ہر ایک شخص نگاہوں میں ہے ضمیر فروش

یہ حال دیکھ کے بستی سے جا رہا ہے کوئی

ہماری فکر کے پروردہ ضابطے جوہرؔ

تھپک تھپک کے یہاں پر سُلا رہا ہے کوئی

سنڈے میگزین سے مزید