عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے بالآخر لیونل میسی سے متعلق جاری برسوں پرانے گریٹسٹ آف آل ٹائم (GOAT) مباحثے پر خاموشی توڑ دی۔
پیرز مورگن کے شو پیرز مورگن ان سینسرڈ میں انٹرویو کے دوران میزبان نے سوال کیا کہ کیا میسی دنیا کا سب سے بہترین کھلاڑی ہے؟ جس پر رونالڈو نے صاف جواب دیا کہ میسی مجھ سے بہتر ہے؟ میں اس رائے سے متفق نہیں اور میں عاجزی نہیں دکھانا چاہتا۔
انٹرویو میں وین رونی کے پرانے تبصرے کا بھی ذکر ہوا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ میسی، رونالڈو سے بہتر کھلاڑی ہیں، بعد ازاں رونی نے وضاحت کی کہ مجھے رونالڈو سے کوئی دشمنی نہیں، لوگ سمجھتے ہیں کہ میں اسے ناپسند کرتا ہوں، میں ایسا نہیں، وہ ایک جینئس ہے، اس کی کارکردگی شاندار ہے۔
رونالڈو نے رونی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مجھے اس سے کوئی مسئلہ نہیں۔
یہ بیان سامنے آتے ہی شائقین میں ایک نئی بحث چھڑ گئی۔ یاد رہے کہ رونالڈو اور میسی کے درمیان برتری کی بحث کئی سالوں سے دنیا بھر میں فٹبال کے شوقینوں کے درمیان جاری ہے۔
واضح رہے کہ رونی اور رونالڈو نے 2004 سے 2009 تک مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے ایک ساتھ کھیل کر زبردست جوڑی بنائی تھی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ 40 سال کی عمر میں بھی رونالڈو کی کارکردگی میں کوئی کمی نہیں آئی، وہ تاریخ رقم کرنے کے قریب ہیں کیونکہ وہ 1000 گول کرنے کا سنگ میل عبور کرنے کی کوشش میں ہیں۔
اب تک رونالڈو نے 26-2025 سیزن میں النصر کے لیے 10 میچز میں 9 گول اسکور کیے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عمر صرف ایک نمبر ہے۔