• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماحولیاتی خطرات امراضِ قلب سے ہونیوالی اموات میں اضافہ کر رہے ہیں: یورپی یونین ایجنسی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

یورپی یونین کی ماحولیاتی ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ یورپ میں امراضِ قلب سے ہونے والی  5 میں سے 1 موت کو ماحولیاتی خطرات جیسے فضائی آلودگی کو کم کرنے سے روکا جا سکتا ہے۔

یورپی ماحولیاتی ایجنسی کی حالیہ رپورٹ کے مطابق درجہ حرارت کی انتہائی تبدیلیوں، زہریلے کیمیکلز، آلودگی اور دیگر عوامل کے بارے میں آگاہی پھیلانا ان کی وجہ سے ہونے والے نقصان سے نمٹنے کے لیے بہت اہم ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 2022ء میں یورپ میں امراض قلب کی وجہ سے ہونے والی 1.7 ملین سے زیادہ اموات میں سے کم از کم 18 فیصد کے پیچھے ایسے عوامل کا ہاتھ ہے۔

رپورٹ کے مطابق یورپ میں سالانہ 1 لاکھ 30 ہزار لوگ شامل ہیں جو باریک ذرات کی آلودگی کے نتیجے میں جب کہ1 لاکھ 15 ہزار اموات شدید سردی یا گرمی کی وجہ سے ریکارڈ ہوتی ہیں۔

یورپی ماحولیاتی ایجنسی کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تناؤ کے عوامل کے بارے میں آگاہی پھیلانے، شور کی آلودگی کو کم کرنے اور کیمیائی ضوابط کو مضبوط بنا کر ایسی اموات کو روکا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ یورپی یونین نے 2030ء تک فضائی آلودگی کو ختم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہوا ہے اور اس حوالے سے اب تک اُٹھائے گئے اقدامات کے نتیجے میں 2005ء سے فضائی آلودگی سے ہونے والی اموات میں 55 فیصد کمی آئی ہے۔

یورپی ماحولیاتی ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین میں دل کی بیماری موت کی سب سے بڑی وجہ ہے اور ہر سال کم از کم ایسے 6 ملین نئے کیسز کی تشخیص ہوتی ہے جس کی وجہ سے یورپی یونین کے تقریباً 282 بلین یوروز یعنی 325 بلین ڈالرز خرچ ہوتے ہیں۔

صحت سے مزید