• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ظہران ممدانی کی اردو میں انتخابی مہم اور بالی ووڈ گانے پر تقریر کا اختتام سوشل میڈیا پر وائرل

فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — اسکرین گریب

نیویارک سٹی کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی کی اردو زبان میں دلچسپ انتخابی مہم اور تاریخی کامیابی کے بعد بالی ووڈ کے مشہور گانے’دھوم مچا لے‘ کے ساتھ تقریر کا اختتام سوشل میڈیا پر خصوصی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

ظہران ممدانی نے امریکا کے سب سے بڑے شہر کے میئر کے انتخاب میں تاریخی کامیابی حاصل کرنے کے بعد اپنی پہلی تقریر کا اختتام انتہائی منفرد اور دلچسپ انداز میں کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی ہے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیسے ہی نو منتجب میئر اپنی تقریر کا اختتام کرتے ہیں تو بیک گراؤنڈ میں مشہور بھارتی فلم’دھوم‘ کا گانا ’دھوم مچا لے‘ چلا دیا جاتا ہے۔

علاوہ ازیں ظہران ممدانی کا تعلق جنوبی ایشیا سے ہونے کی وجہ سے ان کی پوری انتخابی مہم میں یہاں کی ثقافت کا رنگ بھی نمایاں نظر آیا۔

نو منتخب میئر کی والدہ میرا نیئر ایک فلمساز ہیں اس لیے ان کی انتخابی مہم میں بالی ووڈ کا عنصر بھی نمایاں رہا۔

ظہران ممدانی کی انتخابی مہم سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں اُنہیں ووٹرز کو اردو زبان میں انتہائی دلچسپ انداز میں ماضی کی مشہور بالی ووڈ فلموں کے یادگار مناظر کے ویڈیو کلپس استعمال کرتے ہوئے اپنا منشور اور انتخابی عمل تفصیل سے سمجھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ان کا اردو زبان میں انتخابی مہم کے لیے ویڈیو بنانے کا انداز سوشل میڈیا صارفین کو بہت پسند آیا ہے۔

مشہور پاکستانی اداکارہ ارمینہ خان سمیت کچھ سوشل میڈیا صارفین روانی سے اردو بولنے جب کہ کچھ ان کے دلچسپ انداز کی تعریفیں کرتے نظر آ رہے ہیں۔

خاص رپورٹ سے مزید