متحدہ عرب امارات نے بڑھتی ہوئی آبادی اور ٹریفک جام سے نمٹنے کا نیا منصوبہ تیار کیا ہے۔ عرب امارات نے اگلے 5 سال کیلئے روڈ اور ٹرانسپورٹ منصوبوں کا اعلان کردیا۔
دبئی سے حکام کے مطابق منصوبے پر 170 ارب درہم (تقریباً 13 کھرب پاکستانی روپے) خرچ ہوں گے، روڈ اور ٹرانسپورٹ پروجیکٹ پر 46 ارب ڈالرز خرچ ہوں گے۔
حکام کے مطابق منصوبے کا مقصد عرب امارات میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا ہے، اماراتی وزیر توانائی و انفرااسٹرکچر سہیل المزروعی نے منصوبے کا اعلان کیا۔
حکام کے مطابق منصوبے کے تحت اہم شاہراہوں کی توسیع ہوگی، پبلک ٹرانسپورٹ کی بہتری اور ہائی اسپیڈ ریل کے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق عرب امارات کی الاتحاد روڈ کو 12 لینز تک کر دیا جائے گا، ایمرٹس روڈ اور شیخ محمد بن زاید روڈ کو 10 لینز تک بڑھایا جائے گا، نئے پروجیکٹ سے سڑکوں کی گنجائش میں 45 سے 65 فیصد اضافہ ہوگا۔
منصوبہ مکمل ہونے پر لوگوں کے سفر کے وقت میں نمایاں کمی آئے گی۔ حکام کےمطابق متحدہ عرب امارات کی آبادی 1 کروڑ 10 لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جبکہ دبئی کی آبادی 40 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔