قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ میں نے اپنا ذہن تبدیل کرلیا ہے، میں سیاست سے دور رہنا چاہتا ہوں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں تقریب کے دوران شاہد آفریدی سے سوال کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر ایک مخصوص طبقہ آپ سمیت ملک کے حقیقی ہیروز کے خلاف منفی مہم چلاتا ہے، حالانکہ آپ وہ شخصیت ہیں جو ہمیشہ اپنے ملک اور اس کے ہیروز کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، اس بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟
اس سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ اگر مجھے ان لوگوں کی باتوں کی پرواہ ہوتی تو میں کبھی کوئی بات نہ کرتا، سوشل میڈیا پر جھوٹ بول کر لائکس یا ویوز حاصل کرنا میرا مقصد نہیں، میرا سوشل میڈیا میرے روزگار کا ذریعہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں سوشل میڈیا پر جھوٹ بول کر اپنی اولاد کے لیے حرام کمائی نہیں لا سکتا، اسی لیے میں سوشل میڈیا زیادہ استعمال بھی نہیں کرتا۔
سابق کپتان نے بغیر کسی کا نام لیے کہا کہ کچھ لوگ ایسے ہیں جو رجسٹرڈ جھوٹے بن چکے ہیں، وہ ماضی میں دعویٰ کرتے تھے کہ کبھی پاکستان نہیں چھوڑیں گے، لیکن آج انہی لوگوں کی ویڈیوز موجود ہیں کہ وہ ملک سے باہر جاچکے ہیں، میں نے خود دیکھا کہ گدھے پر گدھا بیٹھا جارہا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرا مطلب یہ ہے کہ یہی جھوٹے لوگ ملک سے باہر بیٹھ کر اندرونِ ملک فتنہ انگیزی کر رہے ہیں، میرا ان سے سوال ہے کہ وہ نوجوانوں کو کس سمت میں لے جانا چاہتے ہیں؟
شاہد آفریدی نے ایسے افراد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ واقعی دلیر اور محبِ وطن ہیں تو پاکستان واپس آئیں، یہاں آکر انقلاب لائیں، مگر نوجوان نسل کو گمراہ نہ کریں اور جھوٹ بولنا چھوڑ دیں۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں مریم نواز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب میں بہت اچھا کام کر رہی ہیں، جو لوگ کہتے ہیں کہ وہ ٹک ٹاک ویڈیوز کے لیے کام کر رہی ہیں تو کم از کم وہ کام تو کر رہی ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ جو اچھا کام کر رہا ہو اس کے بارے میں بولنا چاہیے۔
سیاست میں انٹری کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ میرے لیے دعا کیجیے گا کہ میں سیاست سے ہمیشہ دور رہوں، کیونکہ میرے پاس ایک ہی پارٹی تھی جہاں مجھے جانا تھا، لیکن 2019 یا 2020 میں ذہن تبدیل کیا اور فیصلہ کیا کہ نہیں یہ میرے بس کی بات نہیں ہے میں سیاست نہیں کرسکتا۔