• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز کی اپوزیشن کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں ایک بار پھر اپوزیشن کو مذاکرات کی پیشکش کردی۔

ایاز صادق نے کہا کہ وزیرِاعظم نے اس ہاؤس میں کھڑے ہو کر اپوزیشن کو بار بار مذاکرات کی دعوت دی، وفاقی وزیرِ قانون و انصاف نے بھی متعدد مرتبہ اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی، میں بحیثیت اسپیکر قومی اسمبلی اپوزیشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات کی سہولت کاری کے لیے تیار ہوں۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن آپس میں بیٹھیں گے تو راستے نکلیں گے۔ اگر پہلے دن کچھ نہ بھی نکلے تو مذاکرات کا عمل جاری رکھنے سے نتائج ضرور نکلیں گے، مذاکرات کے پلیٹ فارم پر حکومت اور اپوزیشن کو لانا میرا کام ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے آپ کے لیڈر کو دو مرتبہ ہرایا ہے، اس الیکشن میں بھی میرے خلاف کوئی پٹیشن دائر نہیں ہوئی، کسی نے یہ پٹیشن بھی دائر نہیں کی کہ میرے حلقے کے انتخابی نتائج درست نہیں ہیں، آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ ہم عوام کے حقیقی نمائندے نہیں ہیں۔

اسپیکر سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ اپوزیشن میری مذاکرات کی دعوت قبول کرے، نتائج یہاں سے نکلیں گے، لڑائی سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا، آپ کہتے ہیں بھارت، افغانستان اور ایران سے مذاکرات کریں تو اس کے لیے بھی یہاں بیٹھنا پڑے گا۔

قومی خبریں سے مزید