سری لنکن کرکٹ ٹیم نے دورۂ پاکستان جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کو دورۂ پاکستان جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ نے بتایا ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی دورہ جاری نہیں رکھنا چاہتا تو اس کے متبادل کا انتظام کیا جائے گا۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ سری لنکن کھلاڑیوں کو سیکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی کروائی گئی ہے، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سیکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی کروائی ہے۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ، ٹیم اور عملے کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم کے تمام کھلاڑی پاکستان میں رکنے پر رضامند ہیں۔
اس سے قبل چیئرمین محسن نقوی نے سری لنکا کے ہائی کمشنر فریڈ سری ویراتنے سے ملاقات میں کہا تھا کہ سری لنکن ٹیم کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے، ٹیم کے کھلاڑی ہمارے اسٹيٹ گیسٹ ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مہمان کھلاڑیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
پاکستان نے سری لنکا کو پہلے ایک روزہ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 6 رنز سے مات دے کر 3 میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔