• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالیہ اور رنبیر کی شادی میں مدعو نہیں کیا، راہا کو دیکھنے کیلئے ترس گیا ہوں: مکیش بھٹ

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

بالی ووڈ کے معروف فلم ساز مکیش بھٹ نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں اپنی بھتیجی و اداکارہ عالیہ بھٹ اور اداکار رنبیر کپور کی شادی میں مدعو نہیں کیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مکیش بھٹ کا کہنا ہے کہ مجھے اس بات کا افسوس ہے کہ مہیش بھٹ (بھائی) کے ساتھ مبینہ اختلافات کے دوران مجھے عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی شادی میں مدعو نہیں کیا گیا اور نہ ہی اب تک راہا کو دیکھنے کا موقع ملا۔

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ انٹرویو میں انہوں نے کہا، ’اگر میں کہوں کہ مجھے برا نہیں لگا تو میں منافق ہوں گا، یقیناً مجھے برا لگا، میں عالیہ سے بہت پیار کرتا ہوں، صرف اس سے نہیں بلکہ شاہین سے بھی۔ جب عالیہ کی شادی ہوئی تو میں نے سوچا کہ یہ میری بچی کی شادی ہے، میں وہاں رہنا چاہتا تھا۔‘

فلم ساز کا کہنا تھا کہ میں عالیہ اور رنبیر کی بیٹی راہا سے ابھی تک نہیں ملا، جو رواں سال 3 سال کی ہوگئی۔ میری آنکھیں راہا کو دیکھنے کے لیے ترس گئی ہیں، مجھے بچوں سے بہت محبت ہے۔ مجھے اس سے ملنے کی خواہش ہے۔ تاہم میں نے اس کی پیدائش کے بعد کوئی پیغام نہیں بھیجا مگر میں نے اسے دل سے دعا دی۔

مکیش بھٹ نے پیغام نہ بھیجنے کی وجہ بتاتے ہوئے یہ بھی کہا کہ میں نے پیغام بھیجنے کی کوشش نہیں کی کیونکہ میں نہیں چاہتا تھا کہ اسے (عالیہ کو) کسی مشکل یا الجھن میں ڈالوں، میں نہیں چاہتا تھا کہ وہ یہ سوچے کہ اگر وہ مجھ سے ملی تو اس کے والد کو کیسا لگے گا۔

واضح رہے کہ مکیش بھٹ اور مہیش بھٹ کے درمیان 2021 میں اس وقت اختلافات شروع ہوئے تھے، جب مکیش بھٹ نے اعلان کیا تھا کہ اب وشیش فلمز ان کی بیٹی ساکشی اور بیٹا وشیش چلائیں گے۔ 

انہوں نے وضاحت کی کہ وشیش فلمز ہمیشہ سے ان کی کمپنی تھی اور مہیش بھٹ صرف بطور مشیر کام کرتے تھے۔ اس بینر کے تحت بننے والی مشہور فلموں میں ڈیڈی، عاشقی، سڑک، گینگسٹر، راز اور مرڈر جیسی کامیاب فلمیں شامل ہیں۔

اس اعلان کے بعد دونوں بھائیوں کے درمیان اختلافات کی خبریں زیر گردش آئیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید