• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن میں کنجیسچن چارج میں 20 فیصد اضافہ، الیکٹرک گاڑیاں بھی ادائیگی کی پابند

فوٹو بشکریہ برطانوی میڈیا
فوٹو بشکریہ برطانوی میڈیا 

لندن میں ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کے لیے عائد کنجیسچن چارج میں آئندہ سال 20 فیصد اضافہ کر دیا جائے گا۔

کنجیسچن چارج اضافے کے بعد 18 پاؤنڈ ہوجائے گا اور الیکٹرک گاڑیوں کے مالکان بھی اس چارج کی ادائیگی کے پابند ہوں گے۔

ٹرانسپورٹ فار لندن کے مطابق الیکٹرک کاروں کے مالکان کو 25 فیصد رعایت دی جائے گی۔

موٹرنگ تنظیموں نے اس فیصلے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ماحول کو صاف رکھنے والی گاڑیوں کے استعمال کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

لندن کے میئر صادق خان نے اس پالیسی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اگر موجودہ نظام برقرار رکھا جاتا تو اوسطاً 2 ہزار 200 مزید گاڑیاں روزانہ شہر کے مرکزی حصے میں داخل ہوتیں جس سے کنجیسچن چارج کا مقصد متاثر ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ لندن کی سڑکوں پر رش کم کرنا شہر اور معیشت دونوں کے لیے ضروری ہے۔ 

صادق خان کے مطابق کنجیسچن چارج کے نفاذ کے بعد سے ٹریفک میں واضح کمی آئی ہے اور یہ نظام اپنے مقصد کے مطابق برقرار رہنا چاہیے۔

اعداد و شمار کے مطابق اب زون میں 2019ء کے مقابلے میں 6 گنا زیادہ تقریباََ 1لاکھ 20 ہزار الیکٹرک گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں۔ برقی گاڑیوں کے لیے مکمل رعایت پہلے ہی سال کے اختتام پر ختم ہونے والی تھی۔

میئر سر صادق خان نے مزید وضاحت کی کہ زون کے رہائشیوں کے لیے 90 فیصد رعایت مارچ 2027ء سے صرف الیکٹرک گاڑیوں پر لاگو ہوگی جب کہ کار کلبز جو گاڑیوں کو شیئرنگ کی بنیاد پر فراہم کرتے ہیں، انہیں مکمل چھوٹ حاصل ہوگی۔

برطانیہ و یورپ سے مزید