جنوبی ایشیاء کی عظیم گلوکارہ اور 6 دہائیوں سے 18 زبانوں میں گانا گانے والی رونا لیلیٰ کی آواز میں مقبول گانا ’دما دم مست قلندر‘ کوک اسٹوڈیو بنگلا کے یوٹیوب چینل پر ریلیز کر دیا گیا۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق کوک اسٹوڈیو بنگلا کے سیزن تھری کے اعلان کے بعد سے ہی شائقین میں چہ مگوئیاں جاری تھیں کہ آیا رُونا لیلیٰ اس بار شامل ہوں گی یا نہیں۔
اگرچہ انتظامیہ نے خاموشی اختیار کیے رکھی، لیکن گزشتہ سال رُونا لیلیٰ نے خود تصدیق کی تھی کہ انہوں نے ایک گانا ریکارڈ کر لیا ہے، مگر اس کے بول ظاہر نہیں کیے تھے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ گانا کافی عرصہ پہلے ریکارڈ ہو چکا تھا، لیکن کوک اسٹوڈیو بنگلا کی طویل بندش کے باعث اس کی ریلیز مؤخر رہی۔
رونا لیلیٰ کی 73 ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کوک اسٹوڈیو بنگلا نے یہ سیزن کا آٹھواں گانا ریلیز کیا ہے۔
دما دم مست قلندر کی آج کی ریلیز موسیقی کے شائقین کے لیے ایک بڑا یادگار لمحہ ہے۔
رُونا لیلیٰ کے مداح اسے ان کی شاندار گائیکی کو ایک اور تاریخی خراجِ تحسین قرار دے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ "دما دم مست قلندر" سب سے پہلے رونا لیلیٰ نے ہی اپنی آواز میں ریکارڈ کروایا تھا اور اسی گیت سے ان کی شہرت کے سفر کا باقاعدہ آغاز ہوا تھا۔
برِصغیر پاک و ہند میں انتہائی پسند کیے جانے والے اس صوفی گیت کو گزشتہ چار دہائیوں میں سینکڑوں گلوکار گا چکے ہیں۔