دبئی کے بین الاقوامی ایئرپورٹ (DXB) نے 2025 کے پہلے نو ماہ میں 32 لاکھ پاکستانیوں کو خوش آمدید کیا۔ دبئی ایئرپورٹس نے مسافروں سے متعلق اعداد و شمار جاری کیے۔
حکام کے مطابق دبئی ایئرپورٹ استعمال کرنے والوں میں پاکستانیوں کا نمبر چوتھا رہا ہے۔
دبئی ایئرپورٹس کے مطابق پاکستانی مسافر دبئی کا رخ سیاحت، کاروبار، خاندانی ملاقاتیں، ملازمت کے مواقع اور یورپ، مشرقِ وسطیٰ اور امریکا کے ٹرانزٹ کے طور پر کرتے ہیں۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفر کرنے کیلئے دبئی ایئرپورٹ کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق دبئی ایئرپورٹ نے مسافر آمد و رفت کے لحاظ سے اپنی 65 سالہ تاریخ کی بلند ترین سہ ماہی ریکارڈ کی۔
موجودہ سال جولائی سے ستمبر کے دوران 2 کروڑ 42 لاکھ مسافر دبئی ایئرپورٹ سے گزرے، جو گزشتہ سال کی نسبت 1.9 فیصد زیادہ ہے۔
دبئی ایئرپورٹ پر جنوری سے ستمبر تک مسافروں کی مجموعی آمد و رفت 7 کروڑ 1 لاکھ رہی، جو گزشتہ سال سے 2.1 فیصد اضافہ ہے۔
دبئی ایئرپورٹس کے مطابق گزشتہ 12 ماہ میں 9 کروڑ 38 لاکھ مسافروں کا نیا ریکارڈ بھی قائم ہوا۔
دبئی ایئرپورٹ استعمال کرنے والوں کا موازنہ ملکی سطح کیا جائے تو بھارت 88 لاکھ مسافروں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، اس کے بعد سعودی عرب کے 55 لاکھ مسافروں نے دبئی ایئر پورٹ استعمال کیا جبکہ 46 لاکھ برطانوی شہری دبئی ایئرپورٹ سے گزرے ہیں۔
تازہ اعداد شمار کے مطابق دبئی ایئرپورٹ کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔ دبئی ایئر پورٹ سے روانہ ہونے والے 99.6 فیصد مسافروں کی امیگریشن دس منٹ کے اندر مکمل ہوگئی جبکہ دبئی پہنچنے والے 99.8 فیصد مسافروں کی امیگریشن میں بس 15 منٹ کا وقت لگا۔
موجودہ سال کی تیسری سہ ماہی میں دبئی ایئرپورٹ پر 1 لاکھ 15 ہزار پروازیں ریکارڈ کی گئیں جبکہ پہلے نو ماہ میں کل 3 لاکھ 36 ہزار پروازیں ہوئیں۔
دبئی ایئر پورٹ کے ٹرمینل ون اور ٹرمینل تھری میں نئی توسیع بھی جاری ہیں تاکہ بڑھتے ہوئے مسافروں خصوصاً جنوبی ایشیائی مسافروں کی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کیا جا سکے۔